فطری حسن کی آغوش میں جشن شاقلشٹ اختتام پذیر

تورکھو(زیل نمائندہ) چترال ایک طرف  اپنی فطری حسن، خوب  صورت ماحول، بلندو بالا پہاڑ، گرتے آبشاروں اور جھرنوں کی وجہ سے مشہور ہے تو دوسری طرف سیاحتی مقامات اور دل فریب مناظر کی وجہ سے بھی اپنا ثانی نہیں رکھتا۔ کلاش کے خوب صورت دیہات ہوں یا شندور، گبور کے پرفریب مناظر ہوں یا شیشی کوہ  کی خوب صورت وادیاں ہر طرف فطری حسن اور قدرتی مناظر آپ کو دعوت نظارہ دیں گے۔ اسی طرح تورکھو وادی کے شاقلشٹ کا مقام بھی اپنی خوب صورتی اور فطری حسن کی وجہ سے مشہور و معروف ہے۔ سطح سمندر سے دس ہزار فٹ کی اونچائی پر واقع یہ قدرتی  سرسبز میدان خوب صورت پھولوں  کی اماجگاہ ہے۔ ہر سال وہاں جشن کا اہتمام کیا جاتاہے جس میں فٹ بال،کرکٹ،والی بال کے علاوہ مقامی اور روایتی کھیلوں کے انعقاد کیا جاتا ہے۔ امسال بھی اس چار روزہ  جشن میں کافی تعداد میں شائقین کھیل اور سیاحوں نے شرکت کی۔ فٹ بال کے مقابلوں میں  ہیڈکوارٹرایف سی کھوت، کرکٹ میں پھورکھوت اور والی بال میں اجنو کی ٹیموں نے ٹرافی اپنے نام کرلی۔

یاد رہے شاقلشٹ کا سیاحتی مقام وادی تورکھو کے گاؤں کھوت سے چند کلومیٹر آگے واقع ہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ جس طرح چترا ل میں دوسرے جشن کا انعقاد کیا جاتا ہے اس طرح اس جشن کو بھی سرکاری سرپرستی میں منعقد کرانے میں تعاون کیا جائے تاکہ موجودہ حکومت کا سیاحت کے فروغ وترقی کا وژن پورا ہوسکے۔

Print Friendly, PDF & Email