پرآمن سیاسی کارکنان کو گرفتار کرنا بنیادی حقوق کے منافی ہے۔ حاجی مغفر ت شاہ

چترال (زیل نمائندہ) جماعت اسلامی چترال کے رہنما اور سابق ڈسٹرکٹ ناظم حاجی مغفرت شاہ نے اخباری بیان کے ذریعے اپر چترال کے سیاسی کارکنان کی گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پر امن سیاسی سرگرمیاں ہر سیاسی جماعت اور اس کے کارکنان کا بنیادی حق ہے، جس پر قدغن لگانا اور سیاسی کارکنان کو گرفتار کرنا بنیادی حقوق کے منافی ہے۔ انھوں نے کہا کہ چترال امن کی بستی ہے یہاں کے باسیوں کی امن پسندی اور احترام قانون کی روایت مثالی ہے۔ اس پر امن بستی میں قانونی طریقے پر سیاسی عمل کو جاری رکھنے اور اپنے حقوق کے لیے احتجاج کرنے پر لوگوں کو گرفتار کرنا حکومت کے خوف اور آئندہ کے سیاسی منظرنامہ کو مرضی سے ترتیب دینے کے عزائم کو واضح کرتا ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ ہم سیاسی عمل پر قدغن لگانے کے اقدامات کی بھر پور مذمت کرتے ہیں اور پر زور مطالبہ کرتے ہیں کہ اپر چترال سے تعلق رکھنے والے پی ٹی آئی کے امن پسند کارکنان کو فی الفور رہا کر دیا جائے اور انتخابات سے پہلے سیاسی کارکنوں کو ہراساں کرنے سے باز رہا جائے۔ اس طریقے سے سیاسی کارکنان کو ڈرا کر من پسند نتائج کی راہ ہموار کرنے کی کوشش کی گئی تو چترالی عوام کی طرف سے سخت مزاحمت کیا جائے گا۔

Print Friendly, PDF & Email