پی ٹی آئی لوئر چترال کے خواتین ونگ کے صدر صفت گل کا پی پی پی میں شمولیت کا اعلان

پی ٹی آئی ضلع لویر چترال کے خواتین ونگ کے صدر اور سابق ممبر ضلع کونسل صفت گل نے پی پی پی میں شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے خواتین کے لئے کچھ نہیں کیا اوروزیر اعلیٰ کے مشیر وزیر زادہ اور سنیٹر فلک ناز کی خواتین کی بہبود کے لئے کارکردگی صفر رہی جبکہ پی پی پی میں خواتین کو ان کا مقام دیا جاتا ہے۔ جمعہ کے روز چترال پریس کلب میں پی پی پی کے صوبائی نائب صدر اور سابق صوبائی وزیر سلیم خان اور ضلعی رہنماوں شریف حسین، عالم زیب ایڈوکیٹ، شبنم اراء، قاضی وقار اقبال ایڈوکیٹ، بشیر احمد خان، مظفر اور دوسروں کی موجودگی میں انہوں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ وہ 2001ء سے خواتین کو اسکلز سیکھاکر انہیں خود روزگار بنانے کے کام میں مصروف رہی ہیں اور اب تک 2800خواتین ان سے براہ راست استفادہ کرچکی ہیں اور یہ خواتین بھی ان کے ساتھ پی ٹی آئی میں شامل ہوئے تھے اور اب وہ ان کے ساتھ پی پی پی میں بھی شامل ہوگئی ہیں جسے وہ پروگرامات کے ذریعے ثابت بھی کریں گی۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں سلیم خان نے صفت گل کا پی پی پی میں شمولیت کا خیر مقدم کرتے ہوئے انہیں پارٹی کے پرچم سے بنی ہوئی پٹی پہنائی اور کہاکہ ان کی شمولیت سے پی پی پی کو اس ضلعے میں تقویت مل جائے گی کیونکہ صفت گل کا سوشل سیکٹر میں ایک نام ہے جو خواتین کی بہبود کے لئے کئی عشروں سے کام کرتی رہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ جب بھی پی پی پی برسراقتدار آئی ہے، خواتین کے لئے بڑے پیمانے پر اور قابل ذکر کارنامہ انجام دیا ہے جس کا مثال بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام ہے جسے نئی آب وتاب کے ساتھ موجودہ حکومت میں جاری رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ 9مئی کے واقعے کے بعد پی ٹی آئی کے کارکن اور رہنما اس پارٹی سے بدظن ہوکر دھڑا دھڑ پارٹی چھوڑ رہے ہیں کیونکہ وہ شہداء کے یادگاروں اور اداروں کی تضحیک اور بے حرمتی نہیں چاہتے۔ انہوں نے کہاکہ پی پی پی نے ضلع چترال میں ریکارڈ تعداد میں ترقیاتی کام انجام دی ہے اور اگلے الیکشن میں کامیابی کی صورت میں اس سے مزید آگے بڑہایاجائے گا اور خواتین کی بہبود پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ پی پی پی کے سینئر نائب صدر شریف حسین نے بھی صفت گل کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہاکہ انہوں نے ایک انتہائی مناسب وقت میں ایک جمہوری پارٹی میں شامل ہورہی ہیں جوکہ ان کی سیاسی بصیرت کا ثبوت ہے۔ خواتین ونگ کے صدر شبنم اراء نے بھی صفت گل کی پارٹی میں شمولیت کو پارٹی کے لئے نیگ شگون قراردیا اور کہاکہ سلیم خان نے ہمیشہ خواتین کو پارٹی میں آگے کی صفوں میں جگہ دینے میں خلوص نیت سے کام کرتا رہا ہے اور کسی سیاسی جماعت میں اگر خواتین کا ان کا جائز مقام دیا جارہا ہے تو وہ صرف اور صرف پی پی پی ہے جبکہ پی ٹی آئی میں بلند بانگ دعوے تو کئے جارہے ہیں لیکن عملاً انہیں نچانے کے سوا ان کو کوئی عزت نہیں دی جاتی

Print Friendly, PDF & Email