ملک بھر میں آج 76 واں جشن آزادی ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے

تفصیلات کے مطابق پاکستان کے 76ویں جشن آزادی کا آغاز توپوں کی سلامی سے ہوا، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 توپوں کی سلامی دی گئی، جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21-21 توپوں کی سلامی کا اہتمام کیا گیا۔

اس کے علاوہ نماز فجر کے وقت ملکی ترقی، یکجہتی، امن، اور خوشحالی کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔

مزار قائد پرگارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی جس کے مہمان خصوصی کمانڈنٹ نیول اکیڈمی کموڈور محمد خالد تھے۔

نیول اکیڈمی کے کیڈٹس نے مزار قائد پر گارڈز کے فرائض سنبھال لیے، اعزازی گارڈز میں 2 دستے شامل ہیں جن میں ایک دستہ پاک بحریہ کے سیلرز جب کہ دوسرا دستہ پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس پر مشتمل ہے۔

گزشتہ رات کراچی، لاہور، اسلام آباد، فیصل آباد، ملتان، گوجرانوالہ، حیدرآباد، کوئٹہ اور پشاور جیسے مختلف شہروں میں یومِ آزادی کے جشن کا آغاز ہوا، جس سے آسمان پر رنگ ہی رنگ چھا گیا۔

نوجوانوں نے سبز ہلالی پرچموں اور جھنڈیوں کے ساتھ سڑکوں پر ریلیاں نکالیں اور گلیوں، شاہراہوں، چوراہوں کو برقی قمقموں سے سجایا۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم شہباز شریف نے قوم کو 76ویں آزادی کے جشن پر مبارکباد دی ہے۔

Print Friendly, PDF & Email