نواسۂ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی قربانی کے غم میں عقیدت مندوں کا اظہار محبت

کراچی میں 9 محرم کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوا جو حسینیہ ایرانیان کھارادر کی جانب رواں دواں ہے۔ جلوس میں نوحہ خوانی سے سید الشہداء اور ان کے جاں نثاروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔

اسلام آباد کا مرکزی جلوس اپنے مقررہ راستوں پر رواں دواں ہے جبکہ لاہور میں بھی 9 محرم الحرام کا جلوس خیمہ سادات کی جانب گامزن ہے۔

پشاور میں مرکزی جلوس اپنی منزل پر پہنچ کر ختم ہوگیا ہے۔ کوئٹہ میں مرکزی جلوس امام بارگاہ ناصر العزا سے برآمد ہوا۔

روہڑی میں امام بارگاہ شاہِ عراق سے ساڑھے پانچ سو سال قدیمی نو ڈھالہ تعزیے کا جلوس برآمد ہوا، جلوس کے شرکا دو مقامات پر پڑاؤ ڈالنے کے بعد آج رات میدان کربلا میں قیام کریں گے۔

میانوالی میں نویں محرم الحرام کا ایک صدی قدیم جلوس دریائے سندھ میں کشتیوں پر برآمد ہوا ۔

ملتان، حیدرآباد، ہنگو، گلگت، اسکردو، مظفر آباد اور ڈیرا اسماعیل خان سمیت ملک بھر میں مجالس برپا ہوئیں اور ماتمی جلوس نکالے گئے۔

سکھر میں گھٹنوں تک بارش کے پانی میں جلوس برآمد ہوا، ملک بھر میں دودھ اور شربت کی سبیلیں قائم کی گئیں، نذر و نیاز کا اہتمام ہوا، حساس علاقوں میں موبائل فون سروس معطل رہی۔

Print Friendly, PDF & Email