پاکستان کرکٹ ٹیم آئی سی سی ورلڈ کپ کھیلنے بھارت جائے گی

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان نے آئندہ آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2023 میں شرکت کے لیے اپنی کرکٹ ٹیم بھارت بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایک بیان میں دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ پاکستان نے مسلسل اس بات کو برقرار رکھا ہے کہ کھیلوں کو سیاست کے ساتھ نہیں ملایا جانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ بھارت کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کی حالت اس کی بین الاقوامی کھیلوں سے متعلق ذمہ داریوں کو پورا کرنے میں رکاوٹ نہیں بننی چاہیے۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان کا فیصلہ اس کے تعمیری اور ذمہ دارانہ رویے کو ظاہر کرتا ہے جبک بھارت کا متعصبانہ رویہ ہے، کیونکہ پہلے اس نے ایشیا کپ کے لیے اپنی کرکٹ ٹیم کو پاکستان بھیجنے سے انکار کر دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ تاہم پاکستان کو اپنی کرکٹ ٹیم کی سلامتی کے بارے میں گہری تشویش ہے۔

محترمہ بلوچ نے کہا: "ہم ان خدشات کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل اور ہندوستانی حکام تک پہنچا رہے ہیں۔ ہم امید کرتے ہیں کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے دورہ بھارت کے دوران اس کی مکمل حفاظت کو یقینی بنایا جائے گا۔

Print Friendly, PDF & Email