مسلم لیگ ن نے پیپلز پارٹی کو بڑا سرپرائز دیدیا

ذرائع کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) نے آئندہ عام انتخابات میں میں کسی سیاسی جماعت سے اتحاد کے بجائے سیٹ ایڈجسمنٹ کا فیصلہ کرلیا ہے۔خیبرپختونخوا میں جمعیت علماء اسلام سرفہرست ہے جبکہ سندھ میں پیپلز پارٹی کے مقابلے میں گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) سے ہاتھ ملانے پر غور کیا جارہا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ عام انتخابات میں مسلم لیگ ن کی حکمت عملی کی تجاویز قیادت کو پہنچا دی گئی ہیں، الیکشن میں ٹکٹ کے لیے پہلی ترجیح ن لیگ کے وفاداروں کو دی جائے گی۔ دوسری جانب مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے انتخابات سے قبل پنجاب کے حلقوں میں سروے کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پارلیمانی بورڈ بنائے جانے سے قبل سروے مکمل کیے جائیں۔

نوازشریف کا کہنا ہے کہ پنجاب کی قیادت سروے رپورٹ سفارشات کے ساتھ پارلیمانی بورڈ اور قیادت کو دے۔ سروے میں امیدواروں کی حلقوں میں ساکھ، برتری یا شکست کے امکانات کا جائزہ لیا جائے گا۔ جن امیدواروں کی اپنے حلقوں میں ساکھ اچھی نہیں ہوگی ان کی جگہ متبادل امیدوار کو ٹکٹ دیا جائے گا۔

Print Friendly, PDF & Email