خیبرپختونخوا میں اپنی نوعیت کا پہلا موسمیاتی تبدیلی سیل قائم

پشاور (زیل نیٹ ورک) موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کیلئے محکمہ ترقی و منصوبہ بندی کا ایک تاریخی اقدام، خیبر پختونخوا کی حکومت نے محکمہ ترقی و منصوبہ بندی میں ایک الگ مخصوص موسمیاتی تبدیلی سیل قائم کیا ہے۔ موسمیاتی تبدیلی سیل صوبے میں اپنی نوعیت کا پہلا سیل ہے اور اس کا مقصد موسمیاتی تبدیلیوں سے پیدا ہونے والے چیلنجوں سے نمٹنا ہے۔ افتتاحی تقریب میں جرمن سفارت خانے کے ترقیاتی معاونت کے سربراہ ڈاکٹر سبسچین پاسٹ اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری محمد زبیر اصغر قریشی سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

ایڈیشنل چیف سکریٹری خیبرپختونخوا محمد اصغر قریشی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا یہ شراکت داری پاکستان اور جرمنی کے درمیان موسمیاتی تبدیلی جیسے عالمی مسئلے سے نمٹنے کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے۔ انھوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی سیل کا قیام ایک اہم اقدام ہے کیونکہ ہم سال 2010 اور 2022 کے سیلاب میں موسمیاتی تبدیلی کی تباہ کاریوں کو دیکھ چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جی آئی زی کی ساتھ ہماری طویل وابستگی ہے جس نے ہمیشہ حکومت خیبرپختونخوا کی معاونت کی ہے۔ موسمیاتی تبدیلی سیل ہمیں موسمیاتی تبدیلیوں سے ہونے والے اثرات سے نمٹنے کے قابل بنائے گا۔

جرمن نمائندے نے اس موقع پرکہا کہ جی آئی زی جرمن حکومت کی جانب سے موسمیاتی تبدیلی کے نتیجے میں اثرات سے نمٹنے کے لئے اقدامات میں تعاون فراہم کر رہا ہے۔ موسمیاتی تبدیلی ایک عالمی مسئلہ ہے اور اس کے نقصانات سے بچنے کیلئے ہم سب کو اپنا کردار ادا کرنا چاہئیے۔ جرمنی ایسے چیلنجز سے نمٹنے میں پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔

Print Friendly, PDF & Email