نگران وزیر اعظم کا دورہ ہنزہ، گلگت بلتستان بھر میں بجلی کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی

ہنزہ: نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے گلگت بلتستان میں بجلی کے مسائل کے جلد از جلد حل کی یقین دہانی کراتے ہوئے متعلقہ حکام کو گلگت بلتستان میں نجی شعبے کے ساتھ مل کر مقامی طور پر بجلی کی پیداوار کی حکمت عملی تشکیل دینے کی ہدایت کی ہے، وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو گلگت میں مواصلاتی نظام کی تعمیر نو اور بہتری کے لئے حکمت عملی تشکیل دینے کی بھی ہدایت جاری کی ہے۔

بدھ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے وادیِ ہنزہ کا دورہ کیا۔ دورے میں وزیراعظم نے ہنزہ کی سیاسی قیادت ، عمائدین اور سماجی شخصیات سے ملاقات کی اور قراقرم ایریا ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن کے منصوبے ہنر کھن کا دورہ کیا۔ ہنزہ کی سیاسی قیادت اور عمائدین نے وزیراعظم کو ہنزہ میں بجلی کے بحران، ضلع ہنزہ کی آبادی کے تناسب کے حساب سے گلگت بلتستان اسمبلی  میں اضافی نشستوں کی فراہمی اور دیگر مسائل سے آگاہ کیا۔

وزیراعظم نے وفد کو گلگت بلتستان میں بجلی کے مسئلے کے جلد از جلد حل کی یقین دہانی کرائی۔ وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو گلگت بلتستان میں نجی شعبے کے ساتھ معاہدوں کے ذریعے مقامی طور پر بجلی کی پیداوار کی حکمت عملی تشکیل دینے کی ہدایت کی۔ ملاقات میں گلگت بلتستان کی سیاسی قیادت نے وزیراعظم کو سیاحت کے شعبے کو درپیش مسائل کے حوالے سے آگاہ کیا۔ وفد نے وزیراعظم سے گلگت بلتستان کے مختلف حصوں کو ہوائی سفر کے ذریعے منسلک کرنے کا مطالبہ کیا۔

وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو گلگت میں مواصلاتی نظام کی تعمیر نو کی حکمت عملی تشکیل دینے کی ہدایت جاری کی۔ سیاسی قیادت نے وزیراعظم سے گلگت بلتستان میں الیکشن قومی سطح کے الیکشن کے ساتھ منعقد کرانے کی درخواست کی۔ وزیراعظم نے چیف سیکرٹری گلگت بلتستان کو ہدایت کی کہ وہ اجلاس میں بیان کردہ مسائل کو جلد از جلد حل کرنے میں تمام وسائل کو بروئے کار لائیں۔

ملاقات میں سابقہ گورنر گلگت بلتستان میر غضنفر علی خان، سابق ممبر گلگت بلتستان اسمبلی رانی عتیقہ، ممبر گلگت بلتستان اسمبلی کرنل (ر)عبید اللہ بیگ، ممبر گلگت بلتستان اسمبلی دلشاد بانو اور دیگر سیاسی و سماجی شخصیات شامل تھیں۔بعد ازاں وزیر اعظم نے ہنزہ میں قراقرم ایریا ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن کے منصوبے “ہنر کھن” میں موجود کاڈو ڈیجیٹل ہب اور خصوصی افراد کی بحالی سنٹر کا دورہ کیا۔

وزیراعظم نے مقامی انتظامیہ کو قراقرم ایریا ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن کی مقامی آبادی کی فلاح و بہبود کے لئے خدمات پر سراہا۔ دورے میں وزیراعظم نے کاڈو ہنر کھن کے ہونہار فری لانسر طلباء و طالبات سے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ گلگت بلتستان کے نوجوانوں میں گلگت کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے کام کرنے کا جوش و ولولہ انتہائی خوش آئند ہے۔

Print Friendly, PDF & Email