وزیر اعلیٰ کی زیر صدارت امن و امان سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس

پشاور(زیل نمائندہ)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کی زیر صدارت صوبے میں امن و امان کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں چیف سیکرٹری اور آئی جی پی کے علاوہ ڈویژنل کمشنرز، آر پی اوز اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔  اس موقع پرضم شدہ اضلاع سمیت صوبہ بھر میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ آئی جی پی کی طرف سے اجلاس کو صوبے میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے  کے لیے اٹھائے گیے اقدامات اور آئندہ کے لائحہ عمل پر بریفنگ دی گئی۔ وزیر اعلیٰ کا حالیہ دنوں میں صوبے میں جائیداد اور خاندانی تنازعات میں ہونے والے قتل کے واقعات پر اظہار تشویش کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے پولیس کو اس طرح کے واقعات کی موثر روک تھام کے لیے ایک جامع حکمت عملی کے تحت ٹھوس اقدامات کی ہدایت کی اورہر پندرہ دن میں صوبے کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے باقاعدگی سے اجلاس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس میں نئے اسلحہ لائسنس کے اجراءپر پابندی کا اصولی فیصلہ کیا گیا اورصوبے کو غیر قانونی اسلحے اور منشیات سے مکمل طور پر پاک کرنے کا عہد کیا گیا۔

وزیر اعلیٰ نے گاڑیوں میں کالے شیشوں کے استعمال کے خلاف بھر پور مہم چلانے کی ہدایت کی اور منتخب عوامی نمائندوں کے ساتھ ڈیوٹی پر مامور پولیس اہلکاروں کے لیے سول کپڑوں میں ڈیوٹی پر پابندی لگانے کی بھی ہدایت کی گئی۔

اس موقع پر صوبہ بھر میں تمام مستقل پولیس چیک پوسٹوں کا حلیہ درست کرنے اور وہاں پر کیمرے نصب  کرنے کی بھی ہدایت کی گئی اوراسپیشل برانچ اور کاونٹر ٹیررازم کے شعبوں کو مزید مضبوط بنانے کے لئے لائحہ عمل تیار کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔

Print Friendly, PDF & Email