کوغذی میں واپڈا کے خلاف احتجاجی مظاہر ہ

کوغذی (نمائندہ زیل) گولین گول ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی ٹیسٹنگ کے بعد بجلی چترال پائیں کو بجلی دی گئی اور کوغذی،برغوزی کجُو اور گولین کو محروم رکھا گیا، حالانکہ بنیادی حق ان لوگوں کا ہے۔ اس حوالے سے آج واپڈا کالونی کوغذی کے مین گیٹ کے سامنے مذکورہ علاقے کے عوام م کی جانب سے واپڈا کے خلاف احتجاجی مظاہرہ ہوا ۔ واضح رہے کہ106 میگا واٹ گولین گول بجلی گھر سے یو۔سی کوہ کو بجلی نہیں دی گئی جس کی وجہ سے عوام میں شدید غم و غصہ پایا جارہا ہے۔اس بات کو سامنے رکھتے ہوئے جمعہ کے روز کوغذی میں عوام کی جانب سے واپڈا کے خلاف شدید مظاہرے ہوئے اور اسی سلسلے میں ایک احتجاجی واک کا بھی اہتمام کیا گیا۔

اس جلسے میں کوغذی،برغوزی،گولین ،کجو، اور موری لشٹ کی عوام سمیت تمام پارٹیوں کے مقامی سیاسی عمائدین نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔ جلوس کے شرکاء نے وفاقی حکومت اور واپڈا کے خلاف شدید نعرہ بازی کرتے ہوئے واپڈا گیٹ کے سامنے پہنچ کر احتجاجی مظاہرے کیے۔اس جلسے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سیاسی عمائدین نے کہا کہ گولین گول بجلی کے بنیادی حقدار یہاں کے عوام ہیں لیکن واپڈا پراجیکٹ کی ابتداء سے ابھی تک متاثرین کے ساتھ ظالمانہ سلوک کرتا آرہا ہے ۔ہماری ہر طرح کی قربانیوں کے باوجود آج جب بجلی پیدا ہوگئی تو ہمیں محروم رکھا گیا اور ہم اپنے حقوق کے حصول تک مظاہرے جاری رکھیں گے۔ انھوں نے مزید کہا کہ اگر ان علاقوں کو بجلی نہ دی گئی تو افتتاح کے دن حالات ناخوشگوار ہوسکتے ہیں ۔

Print Friendly, PDF & Email