ضلعی حکومت اور محکمہ سماجی بہبودچترال کی طرف سے ہونہار طلبہ میں سکالرشپ کے چیک تقسیم

چترال (نمائندہ زیل) ضلعی حکومت چترال اور محکمہ سماجی بہبودا ور ویمن ایمپاورمنٹ چترال کی طرف سے ہونہار اور مستحق طلبہ میں چیک تقسیم کرنے کی تقریب دفتر ضلع ناظم منعقد ہوئی۔تقریب میں چترال کے ہونہار،پوزیشن ہولڈر اور مستحق طلبہ میں پچاس  پچاس ہزار روپے کے چیک تقسیم کیے گئے جن کی مجموعی لاگت 19لاکھ بنتی ہے۔سکالر شپ کی رقم ضلع کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت دی گئی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ آفیسر سوشل ویلفیئر اور ویمن ایمپاورمنٹ نصرت جبین نے کہا کہ ضلعی حکومت کی کاوش  اورمددسے مستحق اور ہونہار طلبہ کی حوصلہ افزائی کے لیے  دی جانے والی یہ  رقم اگرچہ کم ہے لیکن ان طلبہ کی حوصلہ افزائی کے لیے اہم ہے جو مستحق ہیں۔انہوں نے کہا کہ چترال میں خواتین اور خصوصا لڑکیوں میں خودکشی کا رجحان بڑھتا جارہا ہے جس کے تدارک کے لیے ضلع میں سماجی اور نفسیاتی کاؤنسلینگ کے ادارے کی اشد ضرورت ہے اور اس سلسلے میں سوشل ویلفیئر کا محکمہ ٹھوس بنیادوں پر کوشش کررہا ہے ۔ اس موقع پر ضلع ناظم حاجی مغفرت شاہ نے کہا کہ ضلعی حکومت تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیل وثقافت کی ترقی میں بھی ضلعی بجٹ میں فنڈ مختص کی ہے جس سے تعلیمی ترقی کے ساتھ ساتھ کھیل و ثقافت کی ترقی میں بھی مدد ملے گی۔ انھوں نے کہا کہ چترال میں صلاحیت کی کمی نہیں ہے اگر ہے تو صحیح سمت پر کیریئر کاؤنسلنگ کی ہے جس کے لیے مربوط پیرائے پر ضلعی حکومت کام کررہی ہے۔ ضلع ناظم نے کہا کہ سوشل ویلفیئر کا محکمہ نادار اور ہونہار طلبہ کی حوصلہ افزائی کے ساتھ ساتھ خصوصی افراد کے ساتھ تعاون کے لیے بھی حکمت عملی ترتیب دیں تاکہ معاشرے میں ان افراد کی بھی حوصلہ افزائی ہوسکے ۔اس موقع پر ضلع نائب ناظم مولانا عبدالشکورنے کہا تعلیم قوموں کے عروج و زوال میں اہم کردار ادا کرتا ہےاور ضلعی حکومت اس حوالے سے سنجیدہ اقدامات اٹھارہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ضلعی حکومت چترال میں مختلف مقامات پر دستکاری سنٹر کا قیام عمل میں لاکر خواتین کو اپنے پاؤں پر کھڑا ہونے کا قابل بنایا ہے  اور آنے والے وقتوںمیں بھی اس ضمن میں کوشش کی جائے گی۔

Print Friendly, PDF & Email