72 کالعدم تنظیموں کی فہرست جاری کی گئی ہے۔عوام سے چندہ نہ دینے کی اپیل

پاکستان میں ہفتے کو شائع ہونے والے تمام بڑے اخبارات میں وزارتِ داخلہ کی طرف سے ایک سرکاری اشتہار کے ذریعے 72 کالعدم تنظیموں کی فہرست جاری کی گئی ہے جس میں عوام کو ان تنظیموں کو چندہ دینے اور مالی معاونت کرنے کے بارے میں متنبہ بھی کیا گیا ہے۔اس اشتہار میں خبردار کیا گیا ہے کہ کالعدم یا زیر نگرانی قرار دی جانے والی 72 تنظیموں کی معاونت یا مالی امدا کرنے والے افراد کو سزا اور قید کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

خیال رہے کہ کالعدم تنظیموں کا نام بدل کر کام کرنے یہاں تک کہ سیاسی جماعتوں کے طور پر رجسٹرڈ ہونے کی روایت بہت پرانی رہی ہے اور ایسے میں اکثر اوقات ریاستی مشینری اور ادارے ان کی فنڈنگ روکنے میں کم ہی کامیاب ہو سکتے ہیں۔

اس فہرست میں لشکر جھنگوی، جیش محمد، لشکر طیبہ، تحریک طالبان، پیپلز امن کمیٹی، اہل سنت والجماعت، بلوچستان یونائٹڈ آرمی، جیش اسلام، داعش، جماعت الدعوۃ اور فلاح انسانیت فاؤنڈیشن،انجمن  امامیہ گلگت بلتستان،مسلم اسٹوڈنٹس ارگنائزیشن ،تنظیم اہل سنت  الجماعت ،گلگت بلتستان اور خانہ حکمت گلگت بلتستان اور  313 برگیڈ سمیت 72 نام شامل ہیں۔

کالعدم تنظیموں کی مدد کی سزا کیا ہو گی؟

ملک کے تمام اخبارات میں چھپنے والے اس حکومتی اشتہار میں عوام کے نام پیغام میں لکھا گیا ہے کہ عطیات اور صدقات ضرور دیجیے مگر احتیاط کے ساتھ۔ یہ انتباہ بھی دیا گیا ہے کہ ’کالعدم یا زیر نگرانی تنظئموں کی معاونت یا مالی امداد قابل سزا جرم ہے۔

مزید بتایا گیا ہے کہ’ یاد رکھیے انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997 اور اقوام متحدہ سکیورٹی کونسل ایکٹ 1948 کے تحت قرار دی گئی کالعدم یا زیر نگرانی تنظیموں کی کسی بھی قسم کی معاونت یا مالی امداد یا سہولیات فراہم کرنا قانوناً جرم ہے۔ جس کی سزا پانچ سے 10 سال قید، ایک کروڑ روپے جرمانا یا دونوں ہو سکتی ہے۔‘

حکام کا کہنا ہے کہ کسی بھی صورت میں ان تنظیموں کو مدد دینے والوں کی جائیداد بھی ضبط کی جا سکتی ہے۔

اس اشتہار کے آخر میں امن مخالف کسی بھی سرگرمی کی اطلاع دینے کے لیے عوام کو نیکٹا نے ایک ہیلپ لائن نمبر1717  بھی دیا ہے۔

Print Friendly, PDF & Email