حالیہ مردم شماری کو مسترد کرتے ہیں ۔ پشاور پریس کلب میں چترالیوں کا مظاہرہ

پشاور(نمائندہ زیل)چترال کی ایک صوبائی نشست ختم کرنے کے خلاف پشاور پریس کلب کے سامنے   پشاور میں رہنے والی چترالیوں نے  بھر پور احتجاجی مظاہرہ کیا جس کی قیادت رابطہ کمیٹی جمعیت علمائے اسلام چترال حلقہ پشاور کے صدر مولانا محمد عمر فیضی ،بزنس کمیٹی کے صدر صادق آمین پی پی پی چترال سے صوبائی کونسل کے ممبر شاکر الدین، اے این پی چترال کے رہنما ڈاکٹر اسرار احمد خان، جے یو آئی کے صوبائی رہنما مولانا شیر کریم شاہ اور پاکستان مسلم لیگ چترال کے رہنما قاضی اسلام الدین کر رہے تھے ۔ مظاہرین نے چیف الیکشن کمشنر اور حکومتی فیصلے کے خلاف پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے۔ مقررین نے چترال میں ہونے والی مردم شماری کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ مردم شماری زمینی حقائق کے برعکس ہے اور ایک پسماندہ ضلع کے ساتھ سراسر انصافی ہے۔ مظاہرے کے قائدین نے الیکشن کمیشن اور حکومت پاکستان سے پرزور مطالبہ کیا کہ جلد سے جلد نشست بحال کرکے چترالیوں میں پھیلی بے چینی کو ختم کیا جائے۔ بصورت دیگر چترالی عوام الیکشن دو ہزار اٹھارہ کا مکمل بائیکاٹ کریں گے جس کی ذمہ داری  الیکشن کمیشن اور حکومت پر عائد ہوگی۔

Print Friendly, PDF & Email