چترال میں مسلسل بارش، بالائی علاقوں میں برف باری

چترال(زیل نمائندہ) گزشتہ دنوں سے چترال میں جاری مسلسل بارش اور یخ بستہ ہواؤں کی وجہ سے موسم سرد ہوگیا ہے اور اطلاعات کے مطابق بالائی چترال کے مختلف مقامات پربرف باری بھی ہوئی ہے۔ اس سال  زیرین چترال اور خصوصا بالائی چترال میں سردیوں کے مہینوں میں بارش اور برف باری نہ ہونے کی وجہ سے پانی کی شدید قلت پیدا ہوئی تھی اور مختلف مقامات پر نماز استسقاءبھی ادا کی گئی تھی۔ بارانی فصلیں سوکھنے کے قریب تھیں لیکن اللہ کے ہاں دیر ہے اندھیر نہیں کے مصداق گزشتہ تین دنوں سے چترال میں مسلسل بارش ہوئی جس کی وجہ سے موسم خوش گوار ہونے کے ساتھ ساتھ پانی نہ ہونے کی وجہ سے متاثرہ فصلیں بھی کھل اٹھیں۔ یخ بستہ ہواؤں کی وجہ سے چترال میں موسم کافی سرد ہوگیا ہے اور لوگ موسم سرما کے جیکٹ اور سویٹر پھرسے نکالنے پر مجبور ہوگئے۔ اطلاعات کے مطابق کریم آباد کے علاقوں میں چار سے پانچ انچ تک برف پڑی ہے جبکہ پرابیگ،بروغل،یارخون،موڑکھو اور دوسرے بالائی علاقوں میں  میں بھی برف باری کے اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کل سے موسم صاف ہوگا اور دھوپ نکلے گی۔

Print Friendly, PDF & Email