چترال کی ادبی و ثقافتی تنظیموں نے جشنِ قاقلشٹ میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا

چترال (نمائندہ زیل)کھوار زبان  و ادب کی نمائندہ سات ادبی  و  ثقافتی تنظیمات کے نمائندوں نے جشن قاقلشٹ  کے ادبی اور ثقافتی سرگرمیوں میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کیا۔تفصیلات کے مطابق  اس  سلسلے میں ایک ہنگامی اجلاس مئیر آفس واقع گولدور چترال میں منعقد ہوا۔

اجلاس کا ایجنڈا  ”جشنِ قاقلشٹ کے موقع پر ادبی اور ثقافتی پروگرامات کے سلسلے میں چترال کی نمائندہ ادبی اور ثقافتی تنظیمات، فنکاروں اور شخصیات کو نظر انداز کرکے  ثقافتی و ادبی سرگرمیوں کو  ایک غیر نمائندہ فرد کے حوالے کرنے کا ضلعی انتظامیہ کافیصلہ”   تھا۔

اجلاس میں ضلعی انتظامیہ کے اس فیصلے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا، کیونکہ جشنِ قاقلشٹ مقامی اہمیت کا حامل  فیسٹول ہے جس میں  مقامی لوک ادب و ثقافت کو فروغ دینے  کے ساتھ ساتھ  فنکاروں اور شعراء کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے۔ بدقسمتی سے ضلعی انتظامیہ اور ضلعی حکومت اس سال  چترال کی ادبی اور ثقافتی تنظیموں کو بائی پاس کرکے  ساری سرگرمیاں  ایک غیرنمائندہ فرد کی نگرانی میں کرارہی ہیں، حالانکہ وہ فرد نہ ہی چترال کی کھو ثقافت کا نمائندہ ہے اور نہ ہی کسی  مقامی تنظیم سے اس کا تعلق ہے۔

چترال  کی ان ادبی تنظیموں  اور ان کی سرگرمیوں سے ضلعی انتظامیہ بخوبی واقف ہونے کے باوجود ان کو نظر انداز کرکے سنگین غلطی کا مرتکب ہوچکی ہے۔

لہذا تمام ادبی و ثقافتی تنظیمات جشن قاقلشٹ کا مکمل بائیکاٹ کرتی ہیں  اور جملہ ممبراں اور فنکاروں کو بھی آگاہ کیا جاتا ہے کہ جشن قاقلشٹ کی ادبی و ثقافتی  سرگرمیوں میں شرکت کرنے سے پرہیز کریں ۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جلد ہی اس  سلسلے میں تمام تنظیمات کا ایک مشترکہ اجلاس بلا کر مستقبل کے لیے کوئی لائحہ عمل ترتیب کیا جائے گا ۔

یاد رہے کہ جشن قاقلشٹ کا باقاعدہ  انعقاد سال ۲۰۰۵  سے مقامی سوسائٹیز  اور تنظیمات کے زیر نگرانی ہوتا رہا ہے جس کا مقصد لوک کھیلوں اور کھو ثقافتی سرگرمیوں کو فروغ دینا تھا۔ گزشتہ تین یا چار سالوں سے   اس فیسٹول  کا انعقاد ضلعی انتظامیہ اور حکومت   کرا  رہی ہیں،  اور اس طرح کی بےقاعدگی سے اس جشن کی روح ہی بگڑ جاتی ہے۔

جشنِ قاقلشٹ  کے اس تاریخی  تناظر میں امسال کے جشن میں مقامی فنکاروں اور تنظیمات کو نظرانداز کرنا سراسر  زیادتی ہے۔

اجلاس میں ظہور الحق دانش مرکزی جنرل سکریٹری انجمن ترقی کھوار چترال سینئر نائب صدر کھوار قلم قبیلہ   فضل الرّحمان شاہد ، کھوار اہلِ قلم چترال کے چئیرمین محمّد کوثر ایڈوکیٹ   ،فرید احمد رضا صدر مئیر MIER چترال، ظہور الحق دانش مرکزی جنرل سکریٹری انجمن ترقی کھوار چترال، محمّد نواز رفیع صدر انجمن ترقی کھوار حلقہ چترال، نمائندہ سہارا تنظیم ، عطا حسین اطہر جنرل سکریٹری مئیر،عطاء الدین عطا  صدر کھوار اہلِ قلم چترال  اور انصار نعمانی سرپرست نان دوشی سکول چترال نے شرکت  کی ۔

Print Friendly, PDF & Email