پاکستان زندہ باد تحریک کی زیرنگرانی چترال میں جلسے کا انعقاد

چترال ( زیل نمائندہ)پاکستان زندہ بادتحریک کی زیرنگرانی چترال کے پولو گراؤنڈ میں جمعہ کے روز جلسے کا اہتمام کیا گیا جس میں مختلف مکاتب فکر کے افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ پولو گراؤنڈ چترال کو قومی پرچموں اور بینرز سے سجایا گیا تھا اورملی نغموں  کی گونج نے  ماحول کو گرماکے رکھا۔ اس موقع پر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ضلع ناظم چترال حاجی مغفرت شاہ نے کہا کہ پاکستان ایک کلمے کی بنیاد پر معرض وجود میں آیا تھا اور اب تک اسلامی نظام کے نفاذ کے لیے راہ ہموار نہیں ہوئی ہے  ۔انہوں نے کہا  کہ دشمن مختلف طریقوں سے ہمیں کمزور کرنے کی کوشش میں ہے  لیکن  ہماری فوج ان کی مذموم مقاصد کو کامیاب ہونے نہیں دیتی ہے۔ضلع ناظم نے مزید کہا کہ گزشتہ ستر سالوں سے حکمرانوں کا کوئی مثبت پہلو آج تک عوام نے نہیں دیکھا  اب وقت ہے کہ  ہم واشنگٹن و دیگر ممالک کی طرف دیکھنے کی بجائے اپنا رُخ اللہ اور اُس کے رسول کی طرف کریں ۔اس موقع پر  صدر اے این پی عیدالحسین ،جنرل سیکرٹری پاکستان پیپلز پارٹی محمد حکیم ایڈوکیٹ ، پاکستان تحریک انصاف اپر چترال کے صدر آفتاب ایم طاہر ،مولانا اسرار الدین الہلال ، بریگیڈیر(ر) خوش محمد ، جے آئی یوتھ کے صدر وجیہ الدین ،پی وائی او کے صدر وسیم سجاد،سینئر صحافی جہانگیر جگر اور  قاری جمال عبد الناصر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں امن قائم کرنے اور عوام کی جان ومال کی تحفظ میں پاک فوج کا کردار مثالی ہے۔ ملک میں گزشتہ عشروں سے جاری دہشت گردی اور انتشار پر قابو کرنے میں ہماری فوجی جوانوں نے مثالی قربانیاں دی ہیں  جس کے لیے ہم انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ مقررین نے مزید کہا کہ پاکستان میں انتشار پیدا کرنے اور ہمیں کمزرو کرنے کےلیے  مختلف قسم کی سازشیں ہو رہی ہیں  جن کا ہمیں ایک اور متحد ہوکر جواب دینا ہے۔ اس دھرتی میں امن کے لیے فوج نے بے پناہ قربانیاں دی ہیں  اورآپریشن  ضرب عضب سے لے کر رد الفساد تک ملک میں دہشت گردی کا قلع قمع  کرنے اور امن لانے کے لیے فوج کی کوششوں کی ایک طویل داستان ہے ۔مقررین نے کہا کہ  ملک کے اند ر انتشار پھیلانے اور قوم کو کمزور کرنے کے لیے علاقائیت اور قومیت کی آوازیں لگائی جا رہی ہیں تاہم پاکستان کے غیور عوام ان تما م باتوں کو پس پُشت ڈال کر پاکستان کے سبز ہلالی پرچم کے نیچے متحد ہو کر دُشمنان پاکستان کا مقابلہ کریں گے ۔

Print Friendly, PDF & Email