چترال اور گرد و نواح میں بارش اور برف باری

چترال(نمائندہ زیل) گزشتہ رات سے ٹاؤن چترال میں بارش اور بالائی علاقوں میں برف باری کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے چترال اور گردونواح میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے۔اطلاعات کے مطابق بالائی چترال کے  موڑکھو،تورکھو  اورمستوج کے ساتھ تحصیل لوٹ کوہ کے تمام علاقوں اور زیرین چترال کے اکثر بالائی علاقوں میں چھ انچ سے لے کر دس انچ  تک برف پڑی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارش اور برف باری کا موجودہ  سلسلہ جمعرات کی رات تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔ آج چترال ٹاؤن میں بارش کی وجہ سے کاروبار زندکی معطل رہا اور بازار میں رش نہ ہونے کے برابر تھا۔اپر چترال میں ہمارے نمائندوں کے مطابق مستوج  روڈ ٹریفک کےلیے کھلا ہے اور خاص مستوج سے آگے یارخون روڈ برف باری کی وجہ سے جزوی طور پر بند ہے تاہم لاسپور اور موڑکھو روڈتاہم کھلے ہیں۔ زیرین چترال کے بالائی علاقوں میں ارچون،جنجیریت کوہ ،بیوڑ اور مدک لشٹ روڈ برف باری  کی وجہ سے بند ہیں۔لواری ٹنل کے دونوں اطراف میں شدید برف باری کی وجہ سے روڈ بند ہے اور کئی مسافر ٹنل کے دونوں اطراف میں پھنس چکے ہیں ۔

خراب موسم کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور خاص کر لواری ٹنل کی طرف سفر نہ کریں۔ انتظامیہ نے موسم صاف ہونے تک تمام اڈہ مالکان کو ہدایت کی ہے کہ چترال سے پشاور اور ملک کے دوسرے علاقوں کی طرف گاڑی روانہ کرنے سے بھی گریز کیا جائے۔

Print Friendly, PDF & Email