کوہ،اویرتا کوشٹ اور بونی کو گولین گول پن بجلی گھر سے بجلی دی گئی

موڑکھو(نمائندہ زیل)گولین گول ہائیڈرو پاور پراجیکٹ سے کوہ کے تمام دیہات،موڑکھوکے علاقہ اویر،لون ،گہکیرتا کوشٹ اور بیار کے علاقے ریشن تا بونی تک کے  دیہات کو ہفتے کی شام بجلی کی فراہمی کا سلسلہ شروع ہوا۔ پیڈو اور پیسکو کے درمیان مفاہمتی یادداشت کے بعد ریشن بجلی گھر کے صارفین کو بجلی دینے کا عمل شروع ہوا اور ابتدائی مرحلے میں مذکورہ بالا دیہات کو بجلی کی فراہمی شروع ہوئی۔چترال میں پیڈو کے حکام کے مطابق پیڈو کےخراب ٹرانسمیشن لائن کی مرمت کا کام تیزی سے جاری ہے اور آئندہ چند روز کے اندر ریشن بجلی گھر کے تمام صارفین کو بجلی فراہم کی جائے گی۔بالائی چترال کے اکثر مقامات پر2015ءکے بعدریشن پاور ہاؤس کی ٹرانسمیشن لائن خراب پڑی ہیں جس کی وجہ سے بجلی کی سپلائی میں خلل پیدا ہوئی ہے۔ اب پیڈو کے حکام خراب اور گرے ہوئے کھمبوں کو ٹھیک کرنے میں لگے ہیں ۔

یاد رہے پیڈو اور پیسکو کے درمیان اپر چترال کو بجلی دینے کے حوالے سے مفاہمت نہ ہونے کی وجہ سے جمعہ کے روز بالائی چترال کے لوگ احتجاجی جلوس کی شکل میں گولین گول پن بجلی گھر کی طرف مارچ کیے تھے جنہیں برنس کے مقام پر روک کر جلد بجلی مہیا کرنے کی یقین دہانی کی گئی تھی۔آج اپر چترال کے بعض علاقوں کو بجلی دینے کے بعد بالائی چترال کے عوام نے سکھ کا سانس لیا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ پیڈو حکام ترجیحی بنیادوں پر خراب ٹرانسمیشن لائن کو ٹھیک کرکے ریشن بجلی گھر کے تمام صارفین کو بجلی مہیا کرےگا۔

Print Friendly, PDF & Email