پولیس امن وامان اور منشیات سے پاک ماحول کی تعمیرکے لیے ہمیشہ تعاون کرے گی۔ ڈی پی او چترال

کوغذی(نمائندہ زیل) چترال پولیس مقامی لوگوں کے ساتھ مل کر لسانیت،ذات پات  اور قومیت سے بالا تر ہوکر علاقے میں امن  وامان اور منشیات سے پاک ماحول  کی تعمیرکے لیے  ہمیشہ تعاون  کرے گی ۔یہ بات  ڈسٹرکٹ پولیس افیسر چترال کیپٹن (ر) منصور زمان نے کوغذی  تھانے میں ایک کھلی کچہر ی سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے امن کی بحالی کے حوالے سے علاقے کے لوگوں کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پولیس عوام کی خادم ہے اور اس کے دروازے عوام کے لیے ہروقت کھلے رہیں گے۔

واضح رہے ڈی۔پی۔او چترال  کیپٹن (ر) منصور امان  اپنی تعیناتی کے بعد چترال کے دورآفتادہ علاقوں کا تفصیلی دورہ  کرنے کے ساتھ ساتھ    لوگوں کے مسائل کے حل کے حوالے سے  کھلی کچہریوں کے سلسلے آغاز کیا ہے ۔ اور یہ بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی تھی  جس میں چترال پولیس کے آفسران سمیت مقامی لوگوں کے علاوہ سیاسی نمائندگان نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔

کچہری میں شریک سیاسی نمائندگان میں سابق ایم۔پی۔اے چترال مولانا عبد الرحمن، پی۔پی۔پی کے سرگرم رکن شریف حسین، چیئرمین گولین مفتی مطیع الرحمان، چئیرمین وی سی کوغذی ایڈوکیٹ خورشید حسین مغل ، اعجاز احمد نائب ناظم وی سی کوغذی، صفدر علی آکاش اور جنرل کونسلر موری خواجہ امان اللہ و دیگر نے اپنے اپنے علاقے کے مسائل اور حالات سے ڈی۔پی۔او چترال اور اسسٹنٹ کمشنر چترال کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ علاقے میں امن و امان کی بحالی اور منشیات سے پاک معاشرے کی تعمیر میں  S.H.O کوغذی اور پولیس کے جوانوں کی خدمات کو قابل ِ تحسین ہے۔ سیاسی نمائندگان نے ڈی۔پی۔او چترال کو آگاہ کیا کہ وہ کمسن بچوں کا موٹر سائیکل اور گاڑی چلانے پر پابندی  عائد کریں  تاکہ  آئے روز کے حادثات اور پریشانیوں سے بچا جا سکے۔اس تقریب میں موجود مقامی لوگوں نے ڈی۔پی۔او چترال اور اسسٹنٹ کمشنر چترال کو گولین گول پراجیکٹ سے رائلٹی کی  بنیاد پر بجلی فراہم کروانے اور واپڈا آفس میں ملازمتیں دلوانے کا مطالبہ بھی  کیا۔ عوام نے مزید کہا کہ اپنے حقوق کے لیے احتجاج کرنے پر جیل بھیجنے کی دھمکی دی جاتی ہے لہٰذ ااس پر غور کیا جائے۔

Print Friendly, PDF & Email