چھٹی عالمی ہندکو کانفرنس میں فریدہ سلطانہ فری کی کتاب کی رونمائی

پشاور(زیل ڈیسک)گندھارا ہندکو بورڈاور گندھارا ہندکو اکیڈمی  پشاور کے زیر انتظام تین روزہ چھٹی عالمی ہندکو کانفرس پشاور میں  شروع ہو چکی ہے ۔8دسمبر سے شروع اس  کانفرنس میں ملکی قلم کاروں اور  دانشوروں کے علاوہ غیر ملکی مندوبین امریکہ،برطانیہ،کنیڈا،ملیشیاء،ترکی اور عرب امارات سے شرکت کررہے ہیں۔اس تین روزہ کانفرنس میں قومی وحدت کے فروغ میں زبانوں کی ترویج و  ترقی موضوع بحث ہوگی۔فاضل مقالہ نگار زبان وثقافت کی اہمیت و افادیت پر روشنی ڈالیں گے۔ مقالہ جات کے علاوہ  کتب میلہ،لوک موسیقی اور ثقافتی نمائش  بھی کانفرنس کا حصہ ہیں۔افتتاحی دن مقالہ جات کے علاوہ گندھارا ہندکو بورڈ کی زیر نگرانی چھاپ ہونے والی15 کتابوں کی رونمائی بھی ہوئی۔ان میں چترال سے تعلق رکھنے والی صاحبہ دیوان شاعرہ فریدہ سلطانہ فری کی کتاب "ژانو دُشمن "بھی شامل  تھی۔یہ  شعری مجموعہ اپریل 2017 میں گندھارا ہندکو بورڈ کے مالی تعاون اور مئیر چترال کی تکنیکی معاونت سے منظر عام پر آئی تھی جس کی تقریب رونمائی مئیر تنظیم  کے زیرانتظام چترال میں ہوئی تھی۔

چھٹی عالمی ہندکو کانفرنس کےافتتاحی دن  کے مہمان خصوصی گورنرصوبہ پختونخوااقبال ظفر جھگڑا نے اپنے خطاب میں گندھارا ہندکو بورڈ اور گندھارا ہندکو اکیڈمی کی کاوشوں کو سراہا اور توقع ظاہر کی کہ یہ ادارہ نہ صرف ہندکو زبان کی ترقی میں بلکہ صوبہ اور ملک کے دوسرے زبانوں کی فروغ و ترقی میں بھی اپنا کردار ادا کرے گا۔

Print Friendly, PDF & Email