اپیل بنامِ ڈپٹی کمشنر ضلع چترال

قابلِ صد احترام جناب ارشاد سودھر صاحب ڈی سی چترال! گزشتہ جولائی کو یونین کونسل یارخون میں واقع گاؤں اُوناوِچ سیلاب کی وجہ سے بری طرح متاثر ہوا تھا۔ گلیشر پھٹنے کے سبب، گاؤں کے دو جیب ایبل پل، کئی ایکڑ زمینات سمیت یارخون لنک روڈ بھی سیلاب کی زد میں آیا تھا جس کی وجہ سے تقریباََ 1 مہینے تک اپر یارخون اور لوئر یارخون کے مابین زمینی رابطہ مکمل طور پر منقطع ہوگیا تھا۔ معاملہ اتنا سنگین ہوگیا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ جناب پرویز خٹک صاحب اور چیرمین عمران خان صاحب سمیت دیگر وزراء نے گاؤں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر جناب عمران خان نے دیگر اعلانات کے ساتھ ساتھ جناب جہانگیر ترین کی جانب سے متاثرہ گاؤں میں پل اور سڑکیں بنانے کے لئے 25 لاکھ روپے کی خطیر رقم کا اعلان کیا۔ جبکہ متاثرہ سڑک کے لئے ایک ملین روپے ایم این اے چترال جناب افتخار الدین کی جانب سے مختص کئے گئے اور لنک روڈ پر کام پایہ تکمیل کو بھی پہنچا ۔ مگر بد قسمتی سے سیلاب سے متاثرہ گاؤں اوناوچ ابھی تک پل اور سڑکوں سے محروم ہے۔

جناب ڈی سی صاحب! یہاں یہ بات بھی آپ کے علم میں لائیں گے کہ جناب جہانگیر ترین صاحب کی جانب سے 25 لاکھ کی خطیر رقم جناب اے-سی صاحب مستوج (بونی) کو موصول ہوئی ہیں مگر نامعلوم وجوہات کی بنا پر اس رقم کا گاؤں پر خرچ ہونا ابھی تک باقی ہے۔ لہٰذا انجناب کی خدمت اقدس میں اپیل کی جاتی ہے کہ اس مسلے کو فوری حل کر کے ان بیمار افراد کی دعائیں لیں جو گاؤں میں پھنسے ہوئے ہیں اور علاج کے لئے باہر جا نہیں پاتے۔ چترال میں آپ کی امد کے بعد آئی ہوئی تبدیلی دیکھتے ہوئے ہم یقین کرتے ہیں کہ آپ جلد از جلد معاملے کا نوٹس لیکر گورنمنٹ کنٹریکٹرز کے ذریعے گاؤں کی دوبارہ تعمیر میں اہم کردار ادا کریں گے ۔

شکریہ کے ساتھ ۔۔۔ اہلیان گاؤں اُوناوچ

Print Friendly, PDF & Email