دروش ویلج ناظمین کی طرف سے انجینئر کی کردارکشی کی مذمت کرتے ہیں۔آل وی سی ناظمین فورم اپر چترال

چترال(نمائندہ زیل) آل وی۔ سی ناظمین فورم اپر چترال نے دروش کے علاقے سے تعلق رکھنے والے ویلج ناظمین کی طرف سے محکمہ بلدیات چترال کے اسسٹنٹ انجینئر فہیم جلال کی کردار کشی کرتے ہوئے پریس کانفرنس کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ یہ سب کچھ تعصب اور ذاتیات کی بنا پر کررہے ہیں جبکہ انجینئر موصوف انتہائی دیانتدار ، محنتی اور فرض شناس افسرہیں جوکہ محکمے کی طرف سے سہولیات نہ ہونے کے باوجود اپنے فرائض منصبی نہایت احسن طریقے سے انجام دے رہے ہیں ۔ انجینئرفہیم جلال اعلی تعلیم یافتہ نوجوان ہے۔تعلیم کے میدان میں بی ایس سی سول انجینئرنگ میں 95 فیصد نمبر لیکرگولڈ میڈلسٹ کے علاوہ ایم ایس سٹرکچر انجینئر ہے ۔ہفتے کے روز چترال پریس کلب میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مرسلین خان، شیر اعظم خان، نثار احمد، حمید الرحمن، میر صمد خان اور حسین احمد ،اقبال حسین ،عالمزیب ،غلام سرور اور عابد الرحمن نے کہا کہ انجینئر فہیم جلال لوکل گورنمنٹ کے رولز کے مطابق ٹینڈر ز کرارہے ہیں اور خلاف ضابطہ کسی کام پہ سمجھوتہ نہ کرنے کی وجہ سے بعض ویلج ناظمین ان کے خلاف غلط اور بے سروپا الزامات لگانے پر اترآئے ہیں جس سے ایک دیانت دار اور اپنے کام سے لگاؤ رکھنے والے افسر کی حوصلہ شکنی کے علاوہ کچھ حاصل نہ ہوگا۔ ان کاکہنا تھا کہ ا نجینئر فہیم کے خلاف بات کرنے والے ناظمین خود اپنے اپنے ویلج کونسلوں میں ٹینڈر کے دن موجود نہ تھے اور قانونی تقاضے پورانہ ہونے پر ٹینڈر منسوخ کردئیے گئے جس پر وہ سیخ پا ہوگئے ہیں جبکہ یہ ٹینڈر کسی بھی وقت دوبارہ مشتہر کئے جائیں گے ۔ انہوں نے آل ویلج کونسل فورم ضلع چترال پر اعتماد کا اظہارکرتے ہوئے کہاکہ یہ ویلج ناظمین کا ایک نمائندہ فورم ہے جوکہ ناظمین کے مسائل کو اجاگر کررہی ہے۔ انہوں نے ضلع ناظم پر بھی اپنی اعتماد کا اظہارکرتے ہوئے کہاکہ ضلع میں لوکل گورنمنٹ کے سربراہ کی حیثیت سے وہ تمام ویلج ناظمین کو ساتھ لے کر چلنے کی پالیسی پر قائم ہیں ۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر کے بارے میں دروش ناظمین کے الزامات پر تبصرہ کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہاکہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر نورالوہاب کی صفائی میں وہ کچھ کہنا نہیں چاہیں گے۔

Print Friendly, PDF & Email

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے