واپڈا چترال کو کم نرخ پر بجلی دے ورنہ باہر نکالیں گے،پی ٹی آئی چترال

چترال(گل حماد فاروقی) محکمہ واپڈا چترال کو ڈھائی روپے فی یونٹ بجلی فراہم کرے ورنہ صوبائی محکمہ برقیات پیڈو کی بجلی گھر بنتے ہی واپڈا کو چترال سے باہر نکال دیں گے۔یہ بات پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں نے بروز کے مقام پر شمولیتی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں نے واپڈا کو متنبہ کیا کہ چترال ایک غریب ضلع ہے اور واپڈا کی پندرہ روپے فی یونٹ یہاں کے صارفین برداشت نہیں کرسکتے ۔ انہوں نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ واپڈا کی بجلی سستے نرخ پر دی جائے تاکہ چترال کے لوگ اس سے کھانا پکانا اور گھروں کو گرم کرنے کے لیے بھی استعمال کریں ورنہ اگلے بیس سالوں میں چترال کے جنگلات ختم ہوجائیں گے۔بروز کے مقام پر  پی ٹی آئی کے شمولیتی اجلاس میں ضلعی صدر عبد الطیف نے کہا کہ ہماری پارٹی نے جو نعرہ لگایا تھا اسے پورا کرکے دکھایا۔ صحت، تعلیم پولیس، مالیات میں کافی بہتری آئی اور اب کوئی رشوت دیکر بھرتی نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف ایک تحریک کا نام ہے اور ہمارا مشن اس وقت تک جاری رہے گا جب تک عمران خان کو ہم وزیر اعظم نہ بنائے۔اس موقع پرآفتاب طاہر نے کہا کہ بعض سیاست دان بلا وجہ کریڈٹ لینے کی کوشش کررہے ہیں۔ لواری ٹنل پر کام ذوالفقار علی بھٹو نے شروع کیا تھا اور اس کی تکمیل پرویز مشرف کے دور میں ہوئی ۔ اسی طرح گولین گول بجلی گھر پر کام مشرف کے دور میں شروع ہوا تھا اور اس کا تکمیل پاکستان تحریک انصاف کے دور حکومت میں پورا ہوا۔ اب رکن قومی اسمبلی خواہ مخواہ اس کا کریڈٹ لینے کی کوشش کرتا ہے جب کہ اس کا ان دونوں منصوبوں میں اس کا کوئی کردار نہیں ہے۔پی ٹی آئی کے شمولیتی جلسہ میں 70 افراد نے دوسری پارٹی چھوڑ کر پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیارکی۔

Print Friendly, PDF & Email