جامعہ مساجد کے آئمہ کرام کے لیے ماہانہ دس ہزار روپے اعزازیہ کی منظوری

 

پشاور( زیل ڈیسک )صوبے بھر کے  سند یافتہ علماءکرام  کے لیے خیبرپختونخوا حکومت نے ماہانہ اعزازیہ کی منظوری دی ہے۔ مجوزہ پالیسی کے تحت قواعد پر پورا اترنے والے صوبے بھر میں جامعہ مساجد کے آئمہ کرام کیلئے ماہانہ دس ہزار روپے اعزازیہ دیا جائے گا۔ اس پالیسی سے وہ آئمہ حضرات مستفید ہونگے جو پاکستانی شہریت رکھتے ہوں، دینی علوم کے مستند بورڈز سے سندیافتہ اور جامعہ مساجد کی امامت پر فائز ہوں۔ اس کا فیصلہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں منعقدہ  ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔اجلاس  میں سینئروزراء، چیف سیکریٹری ،سیکرٹری اوقاف ، پرنسپل سیکرٹری اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ پالیسی صرف اور صرف مذہبی جذبے اور مساجد اور آئمہ کرام کی ضروریات کے تحت بنائی گئی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس اقدام سے آئمہ کرام قوم اور دین کی خدمت بہتر طرز پر کر سکیں گے۔اس موقع پروزیر اعلٰی نے محکمہ خزانہ کو اعزازیہ کیلئے فنڈز کا بندوبست کرنے اور سمری فوری بھیجنے  کی بھی ہدایت کی۔پرویز خٹک نے کہا کہ آئمہ کرام نظام صلوٰۃ اور مساجد کے بہتر انتظام کے علاوہ دینی تعلیم کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں  اس لیے  حکومت معاشرے میں ان کی عزت و تکریم بڑھانے میں سنجیدہ ہے۔

Print Friendly, PDF & Email