تمام یونین کونسلوں میں ماں اور بچے کی صحت کا ہفتہ منانے کے حوالے سے بیک وقت مہم کا فیصلہ

چترال ( نمائندہ زیل) ڈپٹی کمشنر چترال ارشاد سودھر کے زیر صدارت اجلاس میں ماں اور بچے کی صحت کا ہفتہ منانے کے حوالے سے  تمام تیاریوں کا جائز ہ لیا گیا اس سلسلے میں  ضلع کے تمام چوبیس یونین کونسلوں میں بیک وقت مہم چلانے کا بھی فیصلہ کیا گیا  اس مہم کا  مقصد پانچ سال سے کم عمر کے بچوں کو ٹیکہ جات کا کورس مکمل کرنا ، دو سے پانچ سال کے عمر کے بچوں کو کیڑا مار ادویات پلانا، حاملہ خواتین کو تشنج سے بچاؤ کا ٹیکہ لگانا اور صحت کے اصولوں کے بارے میں عا م لوگوں میں آگہی پیدا کرنا ہے ۔

اس موقع پرقائمقام ڈسٹرکٹ ہیلتھ افیسر ڈاکٹر رحمن افریدی، کوارڈینٹر فیملی ہیلتھ پروگرام ڈاکٹر فیاض رومی، ڈسٹرکٹ چائلڈ اسپیشلسٹ ڈاکٹر گلزار احمد اور ضلعی خطیب مولانا فضل مولیٰ اور دوسروں نے ماں اور بچے کی صحت کا ہفتہ منانے کی اہمیت پر روشنی  ڈالتے ہوئے کہا کہ عام لوگوں میں صحت اور حفظان صحت سے متعلق آگہی پھیلانا لوگوں کے شعور کی بیداری کا ذریعہ بنے گی جوکہ مجموعی طور پر صحت مند معاشرے کی تشکیل میں ممد ومعاون ثابت ہوگی ۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر چترال ارشاد سودھر نے کہاکہ اس مہم کی کامیابی کو ہر صورت میں ممکن بنائی جائے جس کے لئے ضلعی انتظامیہ ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی جبکہ کسی قسم کی غفلت اور کوتاہی بھی برداشت نہیں کی جائے گی۔

Print Friendly, PDF & Email