اسلم بیگ قتل کیس میں نیا موڑ، 8 ماہ بعد قبر کشائی کی گئی

بریپ(کریم اللہ) آٹھ ماہ قبل اپریل 2017ء کو اچانک فوت ہونے والے نوجوان اسلم بیگ کے قتل کی تفتیش نئے مرحلے میں داخل ہوگئی ہے۔ ہفتہ 16 دسمبر کو ڈاکٹروں کی ایک ٹیم نے بریپ جاکرقبرکشائی کی۔ اس موقع پر معزز عدالت کے جج ،ڈاکٹرز،پولیس کی تفتیشی افسران اورعوامی نمائندگان بھی موجود تھے۔ ذرائع کے مطابق تین رکنی ڈاکٹروں کی ٹیم نے قبرکشائی کرکے پندرہ قسم کے نمونے حاصل کئے۔ اس موقع پر بریپ اور ملحقہ علاقوں کے عوام کی بڑی تعداد بھی موجود تھی تاہم قانون نافذ کرنے والے اداروں  کے اہلکاروں نے قبر کے اردگرد پردے لگاکر علاقے کے چند معتبرات اور اعلٰی سرکاری حکام کے علاوہ کسی کو بھی قبرکشائی اور نمونے حاصل کرنے کے عمل کو دیکھنے کی اجازت نہیں دی۔

یاد رہے رواں سال اپریل کے مہینے میں  بریپ سے تعلق رکھنے والا28سالہ نوجوان اسلم بیگ رات کوا چانک فوت ہوگئے تھے جسے حرکت قلب بند ہونے کا سبب سمجھ کر دفنایا گیا تھا۔ بعد میں آنے والے واقعات نے نوجوان کی طبعی موت کو مشکوک بنا دیا  اور اسکی بیوی پر شک ہونےلگی۔یہ شک اس وقت یقین  میں بدل گیاجب عدت پوری ہوتے ہی  اسلم بیگ کی بیوہ نے یارخون ژوپو سے تعلق رکھنے والے تین بچوں کے باپ اور پولیس  کےسپاہی سے بھاگ کر شادی کرلی۔اس واقعے کے بعد مقتول کے اہل خانہ نےان دونوں کو اسلم بیگ کے قتل میں ملوث ٹہراکر مستوج تھانہ میں ایف آئی آر درج کی۔ طویل تحقیقات کے بعد دونوں ملزمان کو گرفتار کیا گیا اور دوران تفتیش دونوں نے اسلم بیگ کو قتل کرنے کا اعتراف کیا۔ جب ملزم کو عدالت میں پیش کیا گیا تو انہوں نے صحت جرم سے انکار کیا۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ 8ماہ بعد قبرکشائی اور میڈیکل رپورٹ اس کیس پر کیا اثرات مرتب کر سکتے ہیں ۔

Print Friendly, PDF & Email