ڈیسک بجانے کے بجائے پچاس ارب روپے سے زیادہ فنڈز منظور کروایا ۔ایم این اے چترال

چترال(نیوز ڈیسک ) تاریخ میں پہلے  اتنی خطیر فنڈز کبھی چترال کیلئے مختص نہیں ہوئے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ سیاسی مخالفین کے پیٹ میں مروڑ اٹھتاہے۔ یہ بات شہزادہ افتخار الدین نے  اپنی رہائش گاہ میں  مختلف وفود سے باتیں کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ اگر میں حسب اختلاف میں  بیٹھ کر  ڈیسک بجاتا رہتا تو کیا یہ فنڈز یا ترقیاتی منصوبے ممکن تھے؟ ہر گز نہیں ۔ جبکہ میں ڈیسک بجانے کے بجائے گزشتہ چار سالوں کے اندر تقریبا پچاس ارب روپے سے زیادہ کے فنڈز چترال کیلئے منظور کروایا  جو کہ سب کے سامنے روز روشن کی طرح عیاں ہیں۔

ایم این اے چترال شہزادہ افتخار الدین نے کہا ہے کہ ان کی صوابدیدی فنڈز سے جن جن علاقوں میں چھوٹے منصوبے دئیے گئے ہیں ۔ان کےمعائنہ کیلئے پاک پی ڈبلیو ڈی کے انجینئرز چترال آرہے ہیں۔ جن کی تصدیق اور کام کا معیار و مقدار کی جانچ پڑتال کے بعد پراجیکٹ لیڈروں کو ادائیگی کی جائیگی ۔ انھوں نےبعض سیاسی مخالفین کی طرف سے پھیلائے گئے بے سروپا بیانات پر انتہائی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے تمام چھوٹے منصوبے سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہوکر علاقے کی ترقی اور گزشتہ زلزلہ و سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے چھوٹے موٹے مسائل کے حل کیلئے دیا ہے۔ انھوں نے بتایاکہ ہم نے پراجیکٹ لیڈر وں کے ذریعے کام اس لیے دیا ہے کہ وہ اپنے علاقے کے مسائل اور منصوبے دلچسپی سے مکمل کریں گے اور زیادہ سے زیادہ فنڈ ز پراجیکٹ پر خرچ کریں گے۔ اُنہوں نے پراجیکٹ لیڈروں پر زور دیا کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں ترقیاتی  کاموں کو ایمانداری اور خلوص نیت سے سرانجام دیں۔انھوں نے کہا کہ گزشتہ چار سالوں کے دوران وفاقی حکومت کی طر ف سےاربوں روپے کے منصوبے چترال میں زیر تعمیرہیں۔ جبکہ کئی منصوبے پائپ لائن میں ہیں ۔ جن پر کام بہت جلد شروع کیا جائیگا۔ ایم این اے نے بتایا کہ گولین گول ہائیڈرو پراجیکٹ کی پہلی یونٹ کا افتتاح وزیر اعظم اس ماہ کے آخر میں کررہے ہیں ۔جہاں کام کی رفتار اور دوسرے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے چیئرمین واپڈا آج چترال پہنچ رہے تھے۔ مگر ناگزیر مصروفیات کی وجہ سے انھوں نے چترال کا دورہ ملتوی کردیا ۔ تاہم انہوں نے وفود کو یقین دلایا کہ اس ماہ کے آخر تک چترال کو گولین سے بجلی دی جائیگی ۔جس کیلئے ٹرانسفر میر و دیگر آلات کی تنصیب کا کام زور و شور سے جاری ہے۔ انھوں نے مختلف علاقوں کیلئے ٹرانسفر میر دینے کی یقین دہانی بھی کی ۔

ایم این اے نے اسماعیلی کمیونٹی کےروحانی پیشوا ہزہائی نس پرنس کریم آغا خان کی چترال آمد پر تمام اسماعیلی کمیونٹی کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کی آمدنہ صرف اسماعیلی کمیونٹی بلکہ چترال اور پاکستان کیلئے خوش آئندہے۔ اس موقع پر ایم این اے نے وفود کے مسائل بھی سنے اور اُنہیں حل کرنے کی یقین دہانی کی۔

 

Print Friendly, PDF & Email