دیدار گاہ کی تیاری میں اہل سنت برادری کی خدمات اور تعاون قابل تحسین ہے۔ اسماعیلی لیڈران اپر چترال

بونی (نمائندہ زیل ) دیدار گاہ کی تعمیر اور تیاریوں کے سلسلے میں دیدار گاہ میں مسلسل ۴۲ دن کام کیا گیا جس میں ہر طبقے کے لوگوں ، خصوصا اہل سنت  برادری کی خدمات اورتعاون قابل تعریف  رہی ،ان کا تعاون ہروقت اور ہر موقع پر ہمارے ساتھ رہا ،جس کے لیے ہم ان کے مشکور ہیں ۔یہ باتیں دیدار گاہ کی انتظامی امور کے انچارج سابق صدر  ریجنل  کونسل اپر چترال  امیر افضل نے  ایم این اے شہزادہ افتخار الدین کی دیدار گاہ کے دورے کے موقع پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا۔

دریں اثنا  ایم این اے شہزداہ افتخار الدین نے  بونی کروئے جنالی میں دیدار گا کا دورہ کیا ۔ ان کے ہمراہ پارٹی کارکنان کے علاوہ معتبرات علاقہ بھی موجود تھے ۔انہوں نے دیدار گاہ میں اسماعیلی کمیو نٹی کے افراداورپروگرام منتظمیں سے ملاقات کی اور ہر ممکن تعاون کایقین دلایا۔ اس  موقع پر ریجنل کونسل اپر چترال کے پریزیڈنٹ عبدالغفار، لوکل کونسل  بونی کےپریزیڈنٹ امتیاز عالم ،انتظامی امور کے انچارج سابق پریزیڈنٹ ریجنل کونسل منیجرامیرافضل، دیدارگاہ پروگرام سیکورٹی انچارج سابق ایس ڈی پی او محمد ولی شاہ اور منتظمین کی کثیر تعداد موجود تھے۔

اس موقع پر صدر لوکل کونسل بونی امتیاز عالم نے کہا کہ علاقے کے تمام مکتبۂ فکر سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے  سیاسی اور فرقہ واریت سے بالا ترہو کر دیدار گاہ کی تعمیر میں ہاتھ بٹایا۔اس لیے ہم ان تمام کے مشکور ہیں ۔

یاد رہے روان مہینے کی نو تاریخ کو ہزہائی نس پرنس کریم آغاخان کی تشریف آوری کے سلسلے میں بونی کروئے جنالی میں ایک سو اسی کینال پر محیط ایک خوبصورت  دیدار گاہ تعمیر کیا گیا ہے ۔

جس میں لاکھوں   اسماعیلی   اپنے روحانی پیشوا  پرنس کریم آغاخان کا دیدار کریں گے اور دربار منعقد ہوگا۔ اسماعیلی فرقے کے ہاں امام کی دیدار اور دربار کی بڑی اہمیت ہے۔  خصوصاً اس دفعہ جو دربار منعقد ہو رہا ہے یہ ہزہائینس پرنس کریم آغاخان کی امامت کے ڈائمنڈ جوبلی تقریبات کے حوالے سے خصوصی اہمیت کا حامل ہے۔ اس سلسلے میں  اسماعیلی والنٹیرز دور دارز سے دیدار میں آنے والوں کی سہولت کےلیے سڑکوں کی تعمیر اور صفائی اپنی مدد آپ کے تحت کررہے  ہیں ۔

سب ڈویژن مستوج کے دور دراز سے آنے والوں کے لیے اوی لشٹ میں پارکینگ کا انتظام بھی  کیا گیا ہے اور دیدار گاہ پہنچنے کے لیے دریا کے اوپر  کئی پل بھی تعمیر کے آخری مرحلے میں ہیں ۔

Print Friendly, PDF & Email