کمانڈنٹ چترال ٹاسک فورس کی زیرصدارت لیزان کمیٹی کا اجلاس

چترال ( زیل نمائندہ) کمانڈنٹ چترال ٹاسک فورس کرنل معین الدین کی زیر صدارت سول ملٹری لیزان کمیٹی کے اجلاس میں چترال میں مثالی امن وامان کا ماحول قائم رکھنے کے ساتھ ساتھ مختلف محکمہ جات سے متعلق علاقے کی ترقی کے حوالے سے شکایات اور تجاویز کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا ۔اجلاس میں ضلع ناظم حاجی مغفرت شاہ،ڈپٹی کمشنر زیرین  چترال خورشید عالم محسود اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد فرقان بلال کے علاوہ سول سوسائٹی کے نمائندے اور سرکاری اور غیر سرکاری اداروں کے افسران نے شرکت کی۔کرنل معین الدین نے کہاکہ اس فورم کی انعقادکا مقصد عوامی مسائل سمیت دوسرے امور پر مل بیٹھ کر غور وحوض کرنے اور اس کا قابل عمل حل تلاش کرنا ہے۔ اس موقع پرپیسکو کی خراب کارکردگی کی وجہ سے عوام کو درپیش مسائل کی شدت میں اضافہ، چترال بونی اور لاسپور روڈ کی خستہ حالت، بازار میں گرانی و مہنگائی کا طوفان جیسے معاملات زیر غور آئے۔ سول سوسائٹی کے نمائندوں نے کہاکہ پیسکو کی طرف سے 21ہزار سے زیادہ صارفین کو فرضی ریڈنگ کی بنیاد پر بل بھیجنے اور ایس ڈی او پیسکو کا صارفین سے غلط رویے کی وجہ سے چترال ٹاؤن اور دروش کے عوا م میں بے چینی پھیل رہی ہے جوکہ بدامنی  کا باعث بن سکتا ہے۔ اسی طرح بروغل نیشنل پارک میں مقامی آبادی کو نظر انداز کرنے اور ان کے تحفظات کو دور نہ کرنے کے حوالے سے شکایت پر فیصلہ ہوا کہ بروغل کے مقام پر محکمہ وائلڈ لائف کے اعلیٰ حکام، مقامی انتظامیہ، منتخب قیادت اور مقامی لوگوں کا اجلاس منعقد کرنے کا اہتمام کیا جائے گا۔ اسی طرح مختلف این جی اوز کو فنڈنگ کرنے والے غیر ملکی ڈونر ز اور سفار ت کاروں کی ضلعے کے اندر نقل وحمل کے لیے وزارت داخلہ کی منظوری کے باؤجود مقامی طور پر بھی این او سی لینے کی پابندی ختم کرنے اور مقامی مساجد میں ناظرہ پڑھانے والوں سے پوچھ گچھ کا سلسلہ ختم کرنے کے مطالبات بھی سامنے آئے جن پر فوری طور پر غور کرنے کے لیے ڈی سی اور ڈی پی او کی طرف سے یقین دہانی کرائی گئی۔ چترال میں غیر مقامی افراد کی تجارتی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھنے اور انہیں علاقے کی امن وامان کے ماحول پر اثرپذیری کا معاملہ بھی زیر غور آیا اور حاضریں نے اس بات پر زور دیا کہ اس بارے میں حکومتی اداروں سے زیادہ عوامی سطح پر شعور اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔ چترال پولو گراونڈ کی انتظام و انصرام کو ٹی ایم اے چترال سے ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفس کو منتقل کرنے کا بھی اصولی فیصلہ سامنے آیا تاکہ اس کی مناسب دیکھ بال یقینی ہوسکے۔

اجلاس میں  چترال بونی روڈ میں فائبر آپٹک  کے لائن بچھانے کے بعد ملبے کی دوبارہ بھرائی نہ کرنے پر سڑک کی خراب حالت کا ذمہ دار سی اینڈ ڈبلیو ڈیپارٹمنٹ کو قرار دیتے ہوئے کہاکہ پی ٹی سی ایل سے 97لاکھ روپے کئی ماہ پہلے وصولی کے باوجود اس پر کام نہ کرنا افسوسناک ہے جس کا نوٹس لیا جارہا ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی ہے کہ مئی کے وسط تک اس پر کام شروع ہوجائے گا۔ اس موقع پر اے کے آرایس پی کے ریجنل پروگرام منیجر سردار ایوب نے بتایاکہ اپر چترال میں ریچ کے مقام پر گزشتہ سال جلائی گئی پل کی تعمیر نو مکمل ہونے کے بعد افتتاح کے لئے تیار ہے جس پر کمانڈنٹ نے رمضان سے پہلے پہلے افتتا ح کی تاریخ طے کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ اجلاس میں سول سوسائٹی کے نمائندے شہزادہ سراج الملک، شہزادہ سکندر الملک، مولانا خلیق الزمان، قاری جمال عبدالناصر، حاجی محمد سلطان،عبدالصمدجبکہ ایس آر ایس پی کے خادم اللہ، آغاخان ایجنسی فار ہبیٹاٹ کے محمد کرم،سپورٹس آفیسر عبدالرحمت، وائلڈ لائف کے الطاف علی شاہ، ایجوکیشن کے حافظ نوراللہ، ٹی ایم او قادر ناصر، صدر چترال پریس کلب ظہیر الدین اور صدر تجار یونین شبیر احمد خان شریک ہوئے۔

Print Friendly, PDF & Email