بونی روڈ ہر قسم کی ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا

چترال(گل حماد فاروقی) چترال میں چار دن مسلسل بارشوں کے بعد محتلف ندی نالیوں میں طغیانی آنے سے کئی سڑکیں بند ہوئی تھیں۔ پہاڑی علاقوں میں برساتی نالوں سے طغیانی میں بھاری پتھر اور ملبہ سڑک پر پڑنے سے یہ سڑکیں ہر قسم ٹریفک کے لیے بند ہوئی تھیں۔اس وجہ سے چار روزہ جشن قاق لشٹ کے لیے  آنے والے سیاحوں کو بھی نہایت مشکلات کا سامنا کرنا پڑاتھا۔ گزشتہ رات شدید بارش کے بعد بونی روڈ چوموروک موری لشٹ میں  بند ہوا تھا جس کی وجہ سے قاق لشٹ جانے والے سیاحوں اور دیگر مسافروں نے سڑک پر کھلے آسمان تلے رات گزاری۔ تاہم محکمہ مواصلات (کمیونیکیشن اینڈ ورکس ) کے سب ڈویژنل آفیسر (ایس ڈی او) عتیق فاروق نے رات گئے  مشینری روانہ کرکے سڑک کو ہلکے ٹریفک کے لیے کھول دیا ۔

اس موقع پر شانگلہ سے آئے ہوئے ایک سیاح زہان الدین نے کہا کہ وہ سیر کے لیے  قاقلشٹ جانا چاہتے تھے مگر گزشتہ رات یہاں بہت زیادہ سیلاب آیا اور وہ یہاں رات گزارنے پر مجبور ہوگئے اب چونکہ C&W والوں نے راستہ کھول دیا تو ہم ان کا مشکور ہیں کہ مسافروں کی مشکلات آسان ہوگئی۔
ایک اور سیاح عبد اللہ نے بتایا کہ رات کو سیلاب کی وجہ سے راستے بند ہوئے اور یہاں کوئی سہولت بھی نہیں تھی ہم نے صرف جان بچائی اور اب راستہ کھل گیا تو بخوشی اب بونی اور قاق لشٹ جائیں گے۔

ا س موقع پر محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کے ایس ڈی او عتیق فاروق بھی موجود تھے انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہوگی کہ چار روزہ جشن قاق لشٹ کے لیے راستہ ہر وقت کھلا رہے اور یہاں ہم ایک گرنڈر مشین بھی کھڑا کریں گے۔ جونہی کوئی سیلاب آتا ہے یا ملبہ سڑ ک پر گرتا ہے اسے صاف کیا جائے گا تاکہ جشن قاق لشٹ کے لیے  آنے والے سیاحوں کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ ہو۔
مقامی شہری شیر عزیز بیگ نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی کے دور حکومت میں ضلعی انتظامیہ کو آٹھ عدد فور بائی فور ٹریکٹر دئے گئے تھے جن میں باقاعدہ آگے بلیڈ بھی لگا تھا وہ اس مقصد کے لیے حکومت نے دیے  تھے کہ ان دور دراز علاقوں میں اگر سیلاب یا قدرتی آفات کی وجہ سے راستہ بند ہو تو اسے صاف کیا جائے مگر اب معلوم نہیں کہ وہ ٹریکٹر کہاں گئے اور کن افسروں کے ذاتی استعمال میں ہیں۔ بونی چترال کی شاہراہ کھلنے پر عوام نے محکمہ سی اینڈ ڈبلیو اور بالخصوص ایس ڈی او کا شکریہ اداکیا کہ ان کی بروقت کاروائی سے راستہ کھل گیا اور عوام کی مشکل آسان ہوگئی۔

Print Friendly, PDF & Email