وزیر اعظم پاکستان کا متوقع دورہ چترال

چترال(زیل ڈیسک) وزیر اعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی ماہ دسمبر میں چترال کا دورہ کریں گے۔ اطلاعات کے مطابق وزیر اعظم ۱۰۶ میگاواٹ گولین گول ہائیڈرل پاور پراجیکٹ کے ساتھ چترال تا گرم چشمہ روڈ،چترال تا بمبوریت روڈ،چترال تا دروش روڈ اور چترال میں گیس ڈپو کا افتتاح کریں گے۔اپنے ایک اخباری بیان میں چترال سے ممبر قومی اسمبلی شہزادہ افتخارالدین نے کہا کہ گزشتہ دنوں وزیر اعظم سے ملاقات کے دوران انہیں چترال کا دورہ کرنے کی دعوت دی گئی جسے قبول کیا گیا۔ ایم این اے نے کہا کہ موجودہ حکومت چترال کی ترقی میں اہم کردار ادا کرنے کا خواہش مند ہے جس کا ثبوت لواری ٹنل منصوبے کی تکمیل ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے متوقع دورے  سے اعلان کردہ منصوبوں کے ساتھ دوسرے منصوبوں کا بھی اعلان کریں گے۔

یاد رہے۲۰۱۳ میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت بننے کے بعد سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف چترال کا تین مرتبہ  دورہ کرچکے ہیں۔ان دوروں میں سابق وزیراعظم نے چترال کے لیے متعدد اعلانات کئے تھے لیکن وہ سب نقارخانے میں طوطی کی آواز ثابت ہوئیں۔ ان میں زرعی قرضوں کی معافی،چترال میں یونیورسٹی کا قیام،دو سو بستروں پر مشتمل ہسپتال اور ضلعی حکومت کے لئے بیس کروڑ روپے شامل تھے۔

Print Friendly, PDF & Email