دارالعلوم سرحد پشاور میں کھوار محفل مشاعرہ

پشاور(نمائندہ زیل) گزشتہ دنوں کھوار ادب کونسل چترال حلقہ پشاور کے زیر انتظام دارالعلوم سرحد پشاور میں ایک کھوار محفل مشاعرے کا اہتمام کیا گیا۔ محفل مشاعرے میں چترال سے تعلق رکھنے والے شعراء کرام نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ محفل کی صدارت محمد عمر فیضی نے کی جبکہ ڈاکٹر عزیزاللہ ایڈوکیٹ مہمان  خصوصی کے طور پہ محفل کو رونق بخش رہے تھے ۔کھوار محفل مشاعرے میں عطاء الرحمان مقصود،عبدالرزاق سکندر،عطاء الرحمان عدیم،حاجی اکبر حیات،صلاح الدین طوفان،محمد اقبال بیگال ، محمد قاسم کے علاوہ بیس سے زائد شعراء کرام نے کلام پیش کئے۔ محفل مشاعرے کے حوالے سے اپنے تاثرات پیش کرتے ہوئے مہمان خصوصی ڈاکٹر عزیزاللہ ایڈوکیٹ نے کہا کہ کھوار زبان چترال کے علاوہ ملک کے دوسرے علاقوں میں بھی بولی جاتی ہے۔ اس زبان کا دامن بہت وسیع ہے اور خوشی کی بات یہ ہے کہ شعروشاعری سے شغف رکھنے والوں میں علماء کرام کی شمولیت اس امر کی غماز ہے کہ علماء بھی ادبی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔ صدارتی خطبہ پیش کرتے ہوئے صدر محفل نے کہا کہ زبان و ادب کی ترقی میں حصہ لینا سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ اگر ہم اپنی مادری زبان کو ترقی کے راستے پر گامزن کریں گےتو ہماری شناحت برقرار رہے گی۔ اس موقع پر دوسرے مقررین نے بھی کھوار زبان و ادب کی ترقی میں اپنا  حصہ ڈالنے پر زور دیا۔

یاد رہے کھوار ادب کونسل چترال حلقہ پشاور کھوار زبان و ادب کی ترقی کے لئے سرگرم ایک تنظیم ہے جس کے قیام کا مقصد زبان و ادب کو ترقی دینا ہے۔ یہ کونسل وقتاً فوقتاً صوبائی دارالخلافہ پشاور میں ادبی پروگرامات کا اہمتما م کرکے نوجوانوں کو اپنی پوشیدہ صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کا موقع دیتاہے۔

Print Friendly, PDF & Email