ڈی سی اور ڈی پی او چترال کا مقامی صحافیوں کے ساتھ نشست

چترال(نمائندہ زیل)ڈپٹی کمشنر چترال ارشاد علی سودھر اور چترال میں تعینات نئے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کیپٹن(ر) منصور امان نے ڈی سی آفس چترال میں مقامی صحافیوں کے ساتھ ایک نشست کا اہتمام کیا۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر چترال منہاس الدین اور اسسٹنٹ کمشنر  چترال عبد الاکرم بھی موجود تھے۔ افتتاحی کلمات پیش کرتے ہوئے ڈی سی چترال ارشاد احمد سودھر نے چترال میں میڈیا کے کردار کو سراہا ۔انھوں نے کہا کہ موجودہ ملکی حالات میں چترال میں کوئی احتجاج یا دھرنے دیکھنے کو نہیں ملے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ یہاں کے لوگ فطری طور پر امن پسند ہیں۔ ڈی سی چترال نے کہا کہ چترال کے صحافی علاقے کی مثبت پہلوؤں کو اجاگر کرنے کے لئے کردار ادا کررہے ہیں جو بہتر صحافیانہ اصولوں کی پاسداری کا منہ بولتا ثبو ت ہے۔

اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرکیپٹن (ر) منصور امان نے کہا کہ مقامی انتظامیہ کا مقامی صحافیوں کے ساتھ تعلق مربوط ہونا چاہئیے جسکی وجہ سے عوامی مسائل کے حل کی راہ میں رکاوٹیں دور ہونگی۔انھوں نے کہا کہ میڈیا اور انتظامیہ کا تعلق مربوط نہ ہونے کی وجہ سے غلط فہمیاں پیدا ہوتی ہیں جس سے مجموعی طور پر نقصان عوام کا ہی ہوتا ہے۔ ڈی پی او نے  کہا اگر چترال میں امن ہے تو وہ جغرافیہ اور پہاڑوں کی وجہ سے نہیں بلکہ اس علاقے میں مقیم لوگوں کی وجہ سے ہے۔کسی بھی علاقے میں پرامن فضا کو برقرار رکھنے کے لئے اس علاقے کے زعماء،علماء کرام،سیاسی شخصیات اور نوجوانوں کا کردار اہم ہوتاہے۔ انھوں نے کہا کہ ہم باہمی مشاورت سے چترال میں امن کی فضا کو برقرار رکھنے کے ساتھ چترال سے منشیات کا خاتمہ بھی کریں گے۔

اس موقع پر مقامی صحافیوں کی نمائندگی کرتے ہوئے سینئر صحافی محکم الدین ایونی نے ڈی سی اور ڈی پی او چترال کا نشست کے انعقاد پر شکریہ ادا کیا اور انکی کاوشوں کو سراہا۔نشست میں دوسرے صحافیوں نے بھی اظہا ر خیال کیے اور مقامی صحافیوں کو درپیش مسائل سے ڈی سی اور ڈی پی او چترال کو آگاہ کیے۔

Print Friendly, PDF & Email