سب ڈویژن مستوج کو ضلع کا درجہ دیا گیا

چترال(نمائندہ زیل نیوز) وزیر اعلٰی صوبہ پختونخوا پرویز خٹک نے سب ڈویژن مستوج کو ضلع بنانے کا باظابطہ اعلان کیا۔وزیر اعلٰی نے پولو گراؤنڈ چترال میں منعقدہ ایک پرہجوم جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت عوام کی خدمت کو اپنا شعور سمجھتی ہے اور یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ گزشتہ چار سالوں میں تحریک انصاف کی حکومت  انقلابی کام کئے جن کی نظیر نہیں ملتی۔انھوں نے کہا کہ وسیع و عریض رقبے پر پھیلا ہوا چترال کو انتظامی طور پر دو اضلاع میں تقسیم کرنا وقت کی ضرورت تھی اور اس ضرورت کے پیش نظر صوبائی حکومت نے یہ قدم اٹھایا ہے۔وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت نے تعلیم،صحت اور پولیس کے محکموں میں اصلاحات کی جن کے فوائد عوام کو پہنچنا شروع ہوچکے ہیں ۔

پولوگراؤنڈ چترال میں منعقدہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف ملک سے بدعنوان مافیہ کے قلع قمع کرنے کے لئے  قدم اٹھایا اور آج ملک میں احتساب کا عمل شروع ہو چکا ہے۔ انھوں نے کہا کہ بدعنوان عناصر اور سسٹم ہمارے نظام کو دیمک کی طرح چاٹ رہے ہیں جس کی وجہ سے میرٹ کا نظام بری طرح متاثر ہوچکا ہے۔ عمران خان نے کہا کہ ہم سب ملکر ملک میں بدعنوانی کو ختم کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کریں تاکہ ہمار ا پیارا ملک پاکستان ایک کرپشن فری ملک بن جائے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پارلیمانی سیکٹری برائے سیاحت اور ممبر صوبائی اسمبلی بی بی فوزیہ نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت عوامی فلاح و بہبود کے لئے جو کام گزشتہ چار سالوں میں کی ہے انکی نظیر نہیں ملتی۔انھوں نے کہا کہ الیکشن ۲۰۱۸ میں عوام تحریک انصاف کے کارناموں کو سامنے رکھتے ہوئےووٹ دیں گے۔اس موقع پر تحریک انصاف کے سابق ضلعی صدر عبد اللطیف نے کہا کہ چترال کو دو اضلاع میں تقسیم کرنے کا کام پی ٹی آئی کی چترال پر بڑی مہربانی ہے۔ انھوں نے کہا کہ تحریک انصاف ہمیشہ اصولوں پر سیاست کی ہے اور ملک سے اقرباء پروری اور بدعنوانی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کا تہیہ کیاہے۔ پولو گراؤنڈ چترال میں منعقدہ پی ٹی آئی کا  عوامی جلسہ ایک تاریخی جلسہ تھا جس میں پورے چترال سے لوگوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔

Print Friendly, PDF & Email