چترال میں انٹر سکول سپورٹس فیسٹیول۲۰۱۷ کا آغاز

چترال(نمائندہ زیل نیوز) چترال کے تمام سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کے طلبہ کے مابین سالانہ کھیلوں کے مقابلوں کا آغاز ہوگیا ۔ افتتاحی تقریب پولو گراؤنڈ چترال میں منعقد ہوئی جس میں  ڈپٹی کمشنر چترال ارشاد احمد سدھیر،کمانڈنٹ چترال ٹاسک فورس کرنل معین الدین،ضلع ناظم چترال حاجی مغفرت شاہ،اسسٹنٹ کمشنر چترال عبد الاکرم،ڈپٹی ایجوکیشن آفیسر ممتاز محمد وردگ ،معززین علاقہ،تعلیمی اداروں کے پرنسپلز،اساتذہ کرام ،صحافی حضرات،مقابلے میں شرکت کرنے والے  طلباء اور چترال ٹاؤن کے تعلیمی اداروں کے طلباء نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر چترال نے کہا کہ طلباء کی ذہنی صلاحیت کو مزید دوام بخشنے کے لئے جسمانی صحت کو برقرار رکھنا نہایت ضروری ہے۔ اس طرح کے  کھیلوں کا انعقاد طلبہ میں  نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ ہم نصابی سرگرمیوں میں بھی دلچسپی کو دوام بخشے گا۔کمانڈنٹ چترال ٹاسک فورس کرنل معین الدین نے کہا کہ طلبہ میں جسمانی صحت کوتندرست رکھنے کے لئے کھیل سے بہتر کوئی چیز نہیں۔ہم تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ طلبہ میں تفریحی سرگرمیوں کو اہمیت دیکر کارآمد بنا سکتے ہیں۔ اس موقع پر ضلع ناظم چترال حاجی مغفرت شاہ نے کہا کہ چترال میں تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ وقتاً فوقتاً کھیلوں کا انعقاد نوجوانوں خصوصاً طلبہ میں پوشیدہ صلاحیتوں  کو اجاگر کرتاہے۔ڈپٹی ایجوکیشن آفیسر ممتاز محمد وردگ نے کہا  کہ محکمہ تعلیم ہر سال صوبے کے تمام ہائی اور ہائیر سکینڈری  اسکولز کے طلبہ کے مابین سپورٹس فیسٹیول کا انعقاد کرتا ہےاور چترال میں بھی یہ مقابلے منعقد ہوتے ہیں۔

یاد رہے یہ سپورٹس فیسٹیول ہر سال اکتوبر کے مہینے میں چترال کے تمام سرکاری اور نجی  تعلیمی اداروں کے طلبہ کے مابین منعقد ہوتا ہے۔ انٹر سکول فیسٹیول ۲۰۱۷ میں پورے چترال کے تعلیمی اداروں کے طلبہ  شرکت کررہے ہیں۔فٹ بال،کرکٹ اور والی بال کے زیادہ مقابلے گورنمنٹ ڈگری کالج گراونڈ جبکہ بالائی چترال  اور دروش کے مختلف مقامات پر بھی یہ مقابلے ہونگے۔ٹیبل ٹینس ،بیڈمینٹن اور رسی کشی کے مقابلوں کے بعدحسن قرات،نعت خوانی ،تقریری مقابلہ،مضمون نویسی،فائن آرٹس   اور انڈور گیمس ہونگے۔ہر گیٹیگیریز میں اوّل پوزیشن آنے والےطلبہ سوات میں ریجن کی سطح پر ہونے والے مقابلوں میں شرکت کرینگے۔

Print Friendly, PDF & Email

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے