آل پارٹیز چترال نے لواری کو دو دن نہ کھولنے پر شٹر ڈاؤن ہڑتال کی دھمکی دے دی۔چار دن کی ڈیٹ لائن۔

چترال (نمائندہ  زیل)  آل  پارٹیز نےمنگل تک لواری ٹنل کو ہفتے میں دو دن کھولنے کا فیصلہ نہ کرنے کی صورت میں پورے چترال میں جمعرات کے روز سے   شٹر ڈاؤن ہڑتال اور احتجاج کا فیصلہ کیا ہے۔جمعہ کے روز امیر جماعت اسلامی چترال مولانا جمشید احمد کی زیر صدارت اجلاس میں تمام پارٹیزکے قائدین نے اس بات پر انتہائی افسوس کا اظہار کیا ۔انہوں نے کہاکہ گذشتہ ایک مہینے سے لواری ٹنل کو ہفتے میں دو دن یا صبح شام دو دو گھنٹے کھولنے کا مطالبہ کیا جارہا ہے ۔ لیکن حکومت اور ٹنل کے متعلقہ ادارے کوئی توجہ نہیں دے رہے ہیں ۔ آج نوبت یہاں تک پہنچ گئی ہے ۔ کہ ضلع چترال کے لو گ محصور ہو کر رہ گئے ہیں ۔ ایک طرف لوگوں کو ضلع سے باہر جانے میں مشکلات ہیں اور دوسری طرف لواری ٹاپ کی بندش کی وجہ سےاشیاء خوردونوش کی خوفناک قلت کا خدشہ ہے ۔ سرکاری ، نجی اداروں کے ملازمین ، طلبہ اورمریضوں کوعلاج معالجے کیلئے ضلع سے باہر جانے میں شدید پریشانیوں کا سامنا ہے ۔ ایسے میں چترال کی ضلعی سیاسی قیادت کے متفقہ قرارداد کو نظر انداز کرنا انتہائی  غیر ذمہ دارانہ فعل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چترال کے لوگوں کو بخوبی علم ہے ۔ کہ یہ ٹنل اُن کیلئے تعمیر کی جا رہی ہے ۔ لیکن جن حالات سے چترال کے لوگ فی الحال دوچار ہیں  حکومت کو اُس کیلئے بھی لائحہ عمل ترتیب دینا چاہیئے تھا ۔ لیکن بار بار مطالبات کے باجود اُس کی طرف توجہ نہیں دی جا رہی ہےاور چترال کی عوام کو احتجاج کرنے پر مجبور کیا جارہا  ہے ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا  کہ منگل تک لواری ٹنل ہفتے میں دو دن کھولنے کا شیڈول مقرر کیا جائے ۔ بصورت دیگر جمعرات 12جنوری کو ضلع بھر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال اور احتجاجی جلسہ منعقد کیا جائے گا ۔ اجلاس میں چترال کے ممبران اسمبلی اور ضلعی ممبران کو اس حوالے سے اپنا کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا گیا ۔ اور کہا گیا کہ عوام ان ہی مسائل کے حل کیلئے اپنے لیے نمائندے منتخب کرتے ہیں مگر انتہائی افسوس کا مقام ہے کہ چترال کے ممبران ِاسمبلی آنکھیں  بند کیے ہوئے ہیں ۔ عوام کے مسائل کا اُنہیں ذرابرابر احساس نہیں ۔ اجلاس میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کو کامیاب بنانے کیلئے صدر تجار یونین چترال حبیب حسین مغل ، صدور ڈرائیور یونین اخلاق احمد ، صابر احمد نے مکمل تعاون کا یقین دلایا ۔ جبکہ سید احمد خان صدر مسلم لیگ ن ، مولانا قاری وزیر احمد جے یو آئی ،محمد حکیم ایڈوکیٹ پاکستان پیپلز پارٹی ، محی الدین عوامی نیشنل پارٹی ، سجاد احمد آل ناظمین فورم چترال ، نوید احمد بیگ جنرل سیکرٹری آل ناظمین فورم ، ناظم حیات الرحمن پی ٹی آئی ، ناظم قیوم ،مولانا جاویدالرحمن اور عبد الباری  نے خطاب کیا اور ہڑتال و احتجاج کو کامیاب بنانے کیلئے ہر قسم کے تعاون کی یقین دھانی کی ۔

 

Print Friendly, PDF & Email