چترال یوتھ فورم نے اسلام آباد میں شجر کاری مہم 2018-19 کا آغاز کر دیا۔

اسلام آباد (ممتاز منتظر)چترال یوتھ فورم نے چترال فٹ بال اکیڈمی گراؤنڈ اسلام آباد میں ایک خوبصورت تقریب کا اہتمام کرکے شجر کاری مہم 2018-19 کا باقاعدہ آغاز کر دیا۔ تقریب میں ضلع ناظم چترال حاجی معفرت شاہ اور چترال سے نو منتخب ایم پی اے وزیر زادہ خصوصی طور پر شریک ہوئے۔ ان کے علاوہ راولپنڈی اسلام آباد میں مقیم پروفیشنلز، طلبہ ، چترالی شہری ، سی وائی ایف کے عہدیداران اور ممبران بھی بڑی تعداد میں شریک تھے۔ فورم کی طرف سے نوید بیگ نے خطاب کرتے ہوئے شرکاء کو خوش آمدید  کہا اور ان کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے سی وائی ایف کے قیام کے اغراض و مقاصد اور دو سال کی کارکردگی بھی شرکاء کے گوش گزار کیے۔ تقریب سے اپنے خطاب میں ضلع ناظم چترال حاجی معفرت شاہ نے کہا کہ وہ یہ دیکھ کر خوش ہیں کہ چترال سے باہر چترالی نوجوان متفق اور متحد ہو کر بہترین کام کر رہے ہیں۔

انہوں نے اسلام آباد میں میں مقیم نوجوانوں پر مزید فعال ہونے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ چترال میں چاہے ہمارا تعلق کسی بھی جماعت یا علاقے سے ہو لیکن چترال سے باہر ہم صرف چترالی ہیں اور ہمیں صرف چترالی بن کر چترال کی ترقی اور نیک نامی کے لیے کوششیں کرنی چاہیے۔ انہوں نے سی وائی ایف کو ضلعی حکومت کی طرف سے ہر قسم کی مدد کی یقین دہانی کروائی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایم پی اے وزیر زادہ نے کہا کہ انہیں بہت خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ وہ سی وائی ایف کے ایسے اہم اور بہترین پروگرام میں شریک ہوئے۔انہوں نے کہا کہ چترال کی خوبصورتی وہاں کا بھائی چارہ، خلوص اور آپس کی محبت ہے۔مجھے فخر محسوس ہو رہا ہے کہ میرا تعلق چترال سے ہے جہاں برداشت اور ہم آہنگی ہے ورنہ چین اور دوسرے ممالک میں موجود کیلاش جیسے قبائل اپنے وجود برقرار نہ رکھ سکے، لیکن یہ چترال ہی ہے جہاں ان کے عقائد کا مکمل احترام کیا جاتا ہے اور انہیں مکمل مذہبی آزادی کے ساتھ بنیادی شہری اور آئینی حقوق حاصل ہیں۔

انہوں نے شجر کاری مہم میں حصہ لینے پر سی وائی ایف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سرسبز پاکستان عمران خان کے وژن کا بھی حصہ ہے اور سی وائی ایف نے اس مہم میں حصہ لے کر اس اہم وژن کو آگے لے جانے میں مدد کی ہے۔ آخر میں تمام مہمان اور شرکا نے مل کر گراؤنڈ میں پچاس پودے لگا دیے، مہم کے دوسرے حصے میں پانچ سو سے ایک ہزار تک پودے اسلام آباد کے مختلف سیکٹرز میں لگائے جائیں گے۔ سی وائی ایف کا ارادہ ہے کہ 2019 کے آخر تک ان کی طرف سے کم از کم دو ہزار پودے اسلام آباد میں لگا کر ان کی مناسب پرورش کی جائے۔

Print Friendly, PDF & Email