چترال میں یوم دفاع ملی جذبے کے ساتھ منایا گیا

چترال (زیل نمائندہ )ملک کے دوسرے علاقوں کی طرح چترال میں بھی یوم دفاع اور یوم شہداء جوش و خروش اور ملی جذبے کے ساتھ منایا گیا ۔یوم دفاع کی مرکزی اور بڑی تقریب قشقار سپورٹس کمپلکس چترال سکاؤٹس میں منعقد ہوئی۔ کمانڈنٹ چترال سکاؤٹس کرنل معین الدین، ڈپٹی کمشنرچترال خورشید عالم محسود،ممبرصوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمان ،ضلع ناظم چترال حاجی مغفرت شاہ ،بریگڈئر(ر)خوش محمد،کرنل (ر)سردارخان،پولیس انسپکٹر محمد شفیع شفاکے علاوہ عمائدین چترال،اساتذہ کرام،طلبہ اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے خواتین و حضرات نے شرکت کی۔اس موقع پر  چترال سکاؤٹس ،چترال  پولیس اور فرنٹئیرکورپبلک سکول کے طلباء کےچاق وچوبند دستوں نے مارچ پاسٹ کیا ۔یوم دفاع کی مناسبت سے طلبہ نے تقاریروملی نغموں سے ماحول کو گرمایا اور مختلف تعلیمی اداروں کے طلبہ نے اس دن کی اہمیت اجاگرکرتے ہوئے مختلف پروگرامات پیش کیے۔پہاڑوں کی اونچائی سے اڑان بھرتے ہوئے پیراگلائیڈر ز نے فری فال کادلچسپ  مظاہرہ کیااور حاضرین سے داد وصول کی۔اس موقع پر ایک دلچسپ نمائشی پولو کھیل کا بھی انعقاد کیا گیا جس میں چترال کے مایہ ناز کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کمانڈنٹ چترال سکاؤٹص  کرنل معین الدین،ڈپٹی کمشنر چترال خورشید عالم محسود اور دوسروں نے یوم دفاع کو تجدید عہد کا دن قراردیتے ہوئے  کہا کہ ہمیں اس دن یہ ثابت کرنا ہے کہ ہم ہندوستان کی عددی برتری سے خائف نہیں اور جذبے سے سرشار ہوکر دشمن کے عزائم خاک میں ملائیں گے۔  مقررین نے کہاکہ ہمیں اپنے شہیدوں کو اس دن خصوصی طور پر یا د رکھنا ہے جنہوں نے اپناآج ہمارے کل پر قربان کردی اور بہادری وجرات کی ایک داستان رقم کی۔ اس موقع پر پاک آرمی، چترال سکاوٹس اور پولیس فورس کی طرف سے مختلف اسٹالز بھی لگائے گئے تھے۔آخر میں کمانڈنٹ چترال سکاؤٹس نے چترال سے تعلق رکھنے والے پاک آرمی اور چترال سکاوٹس کے شہیدوں کے ورثاء میں سوینئر اور تخائف  بھی تقسیم کیے۔

یوم دفاع کی تقریب میں مختلف تعلیمی اداروں کے طلبہ ٹیبلو پیش کرتے ہوئے  
Print Friendly, PDF & Email