پلانٹ فار پاکستان کے تحت وادی گولین میں چالیس ہزار پودے لگائے جائیں گے

گولین(زیل نمائندہ)قومی شجر کاری مہم کے تحت چترال کے دور اُفتادہ اورخوبصورت وادی گولین میں محکمہ جنگلات اور ضلعی انتظامیہ کے باہمی اشتراک سے چالیس ہزار پودے لگائے جارہے ہیں۔ اس سلسلے میں مہم کا آغاز  جنگل گولین سے کیا گیاجس میں ڈپٹی کمشنر چترال خورشید عالم کے علاوہ اسسٹنٹ کمشنرچترال ساجد نواز، ڈویژنل فارسٹ آفیسر شوکت فیاض خٹک، کمیونٹی ڈیویلپمنٹ آفیسر شہاب الدین ،چترال لیویز کے جوان اور دیگرافراد موجود تھے۔

پلانٹ فار پاکستان کے تحت گولین کے وادی جنگل میں چالیس ہزار پودے لگائے جارہے ہیں جبکہ دروش اور چترال کے محتلف زمینداروں میں دس ہزار پودے مفت تقسیم کیے گئے۔ہمارے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر چترال نے کہا کہ پہلے مرحلے میں  چترال کے زیرین علاقوں میں شجر کاری کی اور اب بالائی علاقے میں پودے لگائے جارہے ہیں۔ اس موقع پر ڈویژنل فارسٹ آفیسر شوکت فیاض نے کہا کہ یہ وزیر اعظم شجر کاری مہم کا حصہ ہے یعنی پلانٹ  فار پاکستان جس میں دروش اورٹاؤن  چترال کے علاقوں میں لوگوں کو مفت پودے بھی تقسیم کئے  اور گولین میں  چالیس ہزار پودے مزید لگائے جارہے ہیں۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ اس وادی میں بہت بڑی تعداد میں صنوبر کےنہایت نایاب اور قیمتی درخت ہیں مگر جنگل نہ ہونے کی وجہ سے یہ ختم ہورہے ہیں۔ ہماری کوشش ہوگی کہ اس وادی میں جنگل کو فروغ دیکر ان صنوبر کے درختوں کو بچائیں جس کے لیے ان کے ارد گرد کانٹا تار یا باڑ لگاکر انہیں محفوظ کریں گے۔
منیب الرحمان ایک مقامی شحص نے بتایا کہ اس علاقے کا نام جنگل ہے مگر یہ صرف نام کا جنگل تھا جنگل نام کا کوئی چیز یہاں موجود نہیں تھا ماضی میں یہاں دیار اور دیگر قیمتی درخت ہوا کرتے تھے مگر وہ اب نہیں رہے اب محکمہ جنگلات والے یہاں پودے لگارہے ہیں تو یہ جنگل نامی وادی حقیقت میں ایک جنگل بن جائے گا جس سے سیلاب کا خطرہ بھی ختم ہوگا اور یہ علاقہ بھی خوبصورت لگے گا۔ 
وادی گولین چترال سے کوئی چالیس کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے مگر یہ وادی نہایت خوبصورت ہے اور موسم نہایت خوشگوار ہے۔یہاں پہاڑوں کے نیچے سے قدرتی چشموں کی صورت میں پانی نکلتا ہے جو نیچے جاتے ہوئے دریا کی صورت اختیار کرتاہے۔یہ سیاحت کے حوالے سے ایک جاذب نظر اور پرکشش علاقہ ہے اور موسم گرمامیں کافی تعداد میں سیاح یہاں کا رخ کرکے فطری ماحول سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔

Print Friendly, PDF & Email