پولوگراؤنڈچترال میں پی ایم ایل (ن)کا پاور شو، پنڈال کچھاکھچ بھراہواتھا

چترال(زیل نمائندہ) پاکستان مسلم لیگ(ن)چترال کا ایک بڑا جلسہ پولوگراؤنڈ چترال میں ہفتے کی شام منعقد ہوا۔کثیر تعداد میں پارٹی ورکروں نے جلسے میں شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے نامزدامیدوار شہزادہ افتخارالدین نے کہاکہ چترال کے عوام 2013ء کی طرح اب بھی احسان شناسی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن) کو کامیاب کرکے میاں نواز شریف کا ہاتھ مضبوط کریں گے جس نے لواری ٹنل پراجیکٹ اور گولین گول ہائیڈرو پاؤر پراجیکٹ کا 80فیصد کام مکمل کیا۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف چترالی قوم کا اصل محسن ہے جنہوں نے اس قوم کی ترقی کے لیے کثیررقم اس علاقے میں خرچ کی۔ سابق وزیراعظم کےاحسانات کے بدلے عوام اس انتخابات میں شیرکے نشان پر مہر لگا ئیں گے۔ انہوں نےکہا کہ  نواز شریف کے دور حکومت میں چترال میں انجام دیئے گیے ترقیاتی منصوبے اس علاقے کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔ اس سے قبل صوبائی اسمبلی کے امیدوار عبدالولی خان  ایڈوکیٹ نے کہاکہ شاہد خاقان عباسی نے اس سال چترال آکر ترقیاتی کاموں کا افتتاح ایم این اے شہزادہ افتخار الدین کے ہاتھوں کرواکر اس بات کی توثیق کردی کہ چترالی عوام کے نمائندے کے طور پر انہوں نے اپنا فرض کماحقہُ سرانجام دیا ۔ انہوں نے کہاکہ نوازشریف نے ووٹ کو عزت دینے اور خدمت کو ووٹ دینے کا جو نعرہ لگایا ہے ، وہ کراچی سے لے کر چترال تک سب کے دلوں کی آواز ہے اور 25جولائی کو وہ اس آواز پر لبیک کہتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کو تاریخی فتح سے ہمکنارکریں گے۔ اس موقع پر پارٹی کے دیگر رہنماؤں میں  مولانا عبدالناصر نوید الرحمن چغتائی، محمد حسین، صفت زرین ، محمد کوثر ایڈوکیٹ، نور احمد چارویلو، ظفر اللہ پروازاور دوسروں نے خطاب کیا۔

Print Friendly, PDF & Email