Zeal Breaking News

منشیات فروشی کو ہمیشہ کے لیے خیر آباد کہہ دیا، انیس الدین

چترال (زیل نمائندہ )چترال میں میاں مختار کے بعد مشہور زمانہ منشیات فروش انیس الدین جو گزشتہ کئی سالوں سے منشیات فروشی کے اس گھناؤنے دھندے میں ملوث تھا اس قبیح کاروبار کو مستقل بنیادوں پر ختم کرنے کا اعلان کیا۔گزشتہ دنوں جامع مسجد جنگ بازار میں اعلان کے بعد جنگ بازار ، مغلاندہ ، اورسبزی منڈی کے 48 معززین کے دستخطوں سے جاری ہونے والے ایک پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ مسمی انیس الدین جو مبینہ طور پر سبزی منڈ ی چترال میں ایک بیوہ کی زمین کرائے پر لے کر نرسری کی آڑ میں منشیات کا کاروبار کر رہا تھا  جس سے علاقے کے نوجوان بُری طر ح متاثر ہورہے تھے ۔ مقامی عمائدین کی ترغیب اور کو ششوں سے گزشتہ روز انہوں نے نمازیوں کے سامنے توبہ تائب ہو کر آئندہ اس مکروہ اور قبیح کاروبار کو مستقل بنیادوں پر ختم کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ انیس الدین نے معززین علاقہ سے یہ وعدہ بھی کیا ہے کہ وہ بیوہ محمد ابراہیم کی زمین پر اپنے جملہ سامان اور تعمیرات ایک مہینے کے اندر ہٹا کر خالی کریں گے  ۔ اس کے باؤجود موصوف نے اگر ایک ماہ کے اندر اپنے وعدے کے مطابق سامان نہیں ہٹایا  تو اہالیاں جنگ بازار مجبوراً اُس سے یہ زمین چھڑا کر ورثا ءکے حوالے کریں گے ۔اب دیکھنا یہ ہے کہ مذکورہ منشیات فروش اس قبیح فعل اور کاروبار کو ہمیشہ کے لیے ختم کریں گے یا صرف دوران رمضان لوگوں کے آنکھوں میں دھول جھونک کر عمائدین علاقہ کی طرف سے جاری دباؤ کو وقتی طور پر کم کررہے ہیں ۔

Print Friendly, PDF & Email