نیشنل جیپ ریلی کا قافلہ چترال سےامن کا پیغام لے کے گلگت بلتستان پہنچ گیا۔

چترال(گل حماد فاروقی) نیشنل جیپ ریلی 2017 کا قافلہ امن کا پیغام لیکر چترال سے گلگت پہنچ گیا۔ چترال سے اس ریلی میں بیس گاڑیاں شامل ہیں جن میں سوات ، ملاکنڈ کی بھی گاڑیوں  شامل ہیں ۔ کمانڈنٹ چترال سکاؤٹس کرنل معین الدین، ڈپٹی کمشنر ارشاد سودھر اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سید علی اکبر نے اس ریلی کو رخصت کیا۔


امن کا پیغام لیکر جیپ ریلی جس علاقےسے گزرتی وہاں کے باسی نہایت والہانہ انداز سے  استقبال کرتے رہے۔ خاص کر کوراغ کے مقام پر  بچیوں نے ہاتھوں میں قومی پرچم، پھول اور غبارے لیے پاکستان زندہ باد کے نعرے لگاتے رہے جسے شرکاء نے بہت سراہا۔
ریلی کے شرکاء نے سطح سمندر سے 12500 فٹ بلند شندور ٹاپ میں رات گزاری جہاں چترال سکاؤٹس کے جوانوں نے ان کا استقبال کیا اور ان کی مہمان نوازی کی۔ نقطہ انجماد سے پانچ ڈگری کم یعنی منفی پانچ ڈگری سنٹی گریڈ کی شدید سردی میں شرکاء نے خیموں میں رات گزاری تاہم رات کو ان شرکاء نے آگ جلاکر خود کو گرم کیا۔اگلے روز یہ امن ریلی گلگت سے آئے ہوئے پاک فوج کے افیسرز اور جوانوں کی معیت میں گلگت پہنچ گئے۔

گلگت میں ہمارے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے شیح فاروق احمد کا کہنا ہے کہ اس ریلی میں پانچ سو کے قریب موٹر سائیکل اورتین سو گاڑیاں حصہ لے رہے ہیں جن میں چترال، ملاکنڈ اور سوات سے بیس گاڑیاں شامل ہیں۔ یہ ریلی شندور ٹاپ کے راستے چترال سے گلگت پہنچی ہے اور یہاں سے پاک چین سرحدی علاقے خنجراب اور اسلام آباد سے ہوتے ہوئے ریلی گوادر میں احتتام پذیر ہوگی۔ ان کا کہنا ہے کہ اس ریلی کا بنیادی مقصد دنیا کو امن کا پیغام دینا ہے
شہزادہ رضا ء الملک نے کہا کہ سی پیک (چین پاکستان راہداری) کیلئے راہ ہموار کرنے اور دنیا کو یہ ثابت کرنا ہے کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور پرامن رہے گا۔ انہوں نے  اس ریلی کا مقصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ قومی جیپ ریلی امن اور محبت کا پیغام لیکر ملک کے پانچوں صوبوں کے لوگوں کو یکجا کرنے اور پاکستان کی یگانت اور امن کےپیغام کو پوری دنیا تک  پہنچائے گا۔


اس سے قبل ریلی کے آغاز میں مختلف سکولوں کے بچوں اور بچیوں نے پانچوں صوبوں کی ثقافت کی ترجمانی کرتے ہوئے  ٹیبلو کے ذریعے پاکستانی ثقافت کے مختلف گوشوں کو اجاگر کیا۔ قومی جیپ ریلی کا اہتمام چترال سکاؤٹس، پاک فوج، ضلعی انتظامیہ اور ضلعی پولیس نے مشترکہ طور پر کیا ہے۔

Print Friendly, PDF & Email