لواری ٹنل آمدرفت کیلئے اضافی ٹائم دینے میں بہت زیادہ مشکلات درپیش ہیں ۔ تاہم وہ اپنی طرف سے کوشش جاری رکھیں گے ۔۔ڈپٹی کمشنر چترال شہاب حامدیو سفزئی

چترال (نامہ نگار) چترال کے نئے ڈپٹی کمشنر شہاب حامدیو سفزئی نے اپنا عہدہ سنبھالنے کے بعد پہلی مرتبہ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ چترال کے لوگ انتہائی مشکل حالات میں زندگی گزار رہے ہیں اور گونا گوں مسائل سے دوچار ہیں ۔ ایسے میں اس علاقے میں زندگی بحال رکھنا ہی جان جوکھوں کا کام ہے ۔ وہ جمعہ کے روز اپنے دفتر میں چترال پریس کلب کے صحافیوں کے ساتھ ملاقات میں اظہار خیال کر رہے تھے ۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر چترال عبدالغفار ،ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر چترال مظہر علی شاہ بھی موجود تھے ۔ صدر پریس کلب چترال نے ڈپٹی کمشنر کی چترال تعینا تی پر اُنہیں خوش آمدید کہا اور چترال کے مسائل کے حل اور ترقی کے حوالے سے اُٹھائے جانے والے اقدامات میں بھر پور تعاون کا یقین دلایا ۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ میڈیا ایک مضبوط طاقت ہے اور ایک وسیع وژن رکھتی ہے

اس لیے میں چترال کے صحافیوں سے یہ توقع رکھتا ہوں کہ وہ میری رہنمائی کے ساتھ ساتھ سپورٹ کریں گے ۔ اس موقع پر صحافیوں نے فوری نوعیت کے مسئلے کے طور پر لواری ٹنل کو ہفتے میں دو دن کھولنے یا روزانہ کی بنیاد پر صبح و شام دو دو گھنٹے کھولنے کے سلسلے میں صوبائی اور وفاقی حکومت سے بات کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ برفباری کی صورت میں لوگوں کو انتہائی مشکلات درپیش ہوں گی ۔ اُس وقت یہ انتظامیہ کیلئے بھی درد سر بنے گا ۔ اس لیے قبل از وقت اقدامات اٹھائے جائیں ۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ این ایچ اے کے حکام سے میری گذشتہ روز بات ہوئی ہے ۔ لیکن اُن کا کہنا ہےکہ چونکہ وزیر اعظم نے 31جون2017کو ٹنل کی تکمیل کی تاریخ مقر ر کی ہے ۔ جبکہ کام کی مقدار بہت زیادہ اور وقت کم ہے ۔ اس لیے آمدرفت کیلئے اضافی ٹائم دینے میں بہت زیادہ مشکلات درپیش ہیں ۔ تاہم وہ اپنی طرف سے کوشش جاری رکھیں گے ۔ تاکہ چترال کے مسافروں کے سفری مشکلات میں کمی لائی جاسکے ۔ڈپٹی کمشنر نے چترال جیسے دُشوار گزار ضلع میں صحافیانہ ذمہ داریوں کی احسن طریقے سے انجام دہی پر چترال پریس کلب کے ممبران کی تعریف کی اور مسائل حل کرنے کی بھی یقین دھانی کرائی ۔

Print Friendly, PDF & Email