وزیرا علیٰ کے چین اجلاس میں بر وقت مداخلت کی بدولت ملاکنڈ ڈویژن بھی مکمل طور پر سی پیک سے منسلک ہو گیا ہے ۔مظفر سید ایڈوکیٹ

خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ مظفر سید ایڈوکیٹ نے پاک چین اقتصادی راہداری کے حوالے سے صوبے کے لیےتین بڑے منصوبے منظور کرانے پر وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کو خراج تحسین پیش کیا ہے ۔پشاور میں سی پیک منصوبوں کے حوالے سے پلاننگ سیل کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے حکام کو ہدایت کی کہ ہمارے صوبے سے متعلق حالیہ منظور کردہ تمام سکیموں کو جلد از جلد عملی جامہ پہنانے کے لیے وفاقی اور چینی حکومت سے فوری اور قریبی معاونت کریں۔ انہوں نے کہا کہ وزیرا علیٰ کے دورہ چین اور بیجنگ کے اجلاس میں انکی بر وقت مداخلت کی بدولت ملاکنڈ ڈویثرن بھی مکمل طور پر سی پیک سے منسلک ہو گیا ہے اور کاشغر کو خنجراب ، بشام اور سوات ، چکدرہ اور گلگت ، چترال ۔چکدرہ کے ذریعے شاہراہ کی بدولت یہاں تجارتی اور صنعتی سرگرمیوں کو زبردست فروغ ملے گا جبکہ 17سو میگا واٹ کے پن بجلی پشاور۔ چارسدہ۔ نوشہرہ۔مردان اور صوابی کے درمیان سرکلر ریلوے اور موٹر وے کے ساتھ جدید ترین اکنامک زون کے قیام کے منصوبوں سے بھی ملاکنڈ ڈویثرن کے عوام مستفید ہوں گے اور یہاں غربت اور بے روزگاری کا مکمل طور پر خاتمہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ نے اجلاس میں صوبے کا کیس واقعتاً کامیابی کے ساتھ پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پشاور و کراچی اور ڈیرہ اسماعیل خان کے درمیان ڈبل ریلوے ٹریک کی تعمیر سے پورا صوبہ ترقی و خوشحالی کے نئے دور میں شامل ہو گا جبکہ پشاور ، ڈیرہ و کراچی کے مابین انڈس ہائی وے کو دو رویہ کرنے پر اتفاق بھی پختونخوا کے لیے نیا مژدہ ہے۔ مظفر سید ایڈوکیٹ نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ نے ان سے رابطے میں چین کی شنڈونگ یونیورسٹی کے ساتھ ہمارے صوبے کے یونیورسٹی طلباء کے تبادلے کے معاہدے کی خوشخبری بھی سنائی ہے جس میں ملاکنڈ ڈویثرن کے طلباء کو اعلیٰ تعلیم اور تحقیق کے زیادہ مواقع ملیں گے جبکہ کنفیوشس انسٹیٹیوٹ کا قیام بھی ایک بڑا اقدام ہے اور اس کا ملاکنڈ میں قیام بھی زیر تجویز ہے۔وزیر خزانہ نے کہا کہ ہماری اتحادی حکومت شروع دن سے صوبے کی معاشی حالت کی بہتری کے لیے کوشاں ہے اور سی پیک سے متعلق بیجنگ اجلاس کے حالیہ فیصلوں سے ان کی کامیابی مزید یقینی بنے گی اور ہمارا صوبہ تعمیر و ترقی اور تعلیم و تحقیق کا گہوارہ بن جائے گا

Print Friendly, PDF & Email