شہید بے نظیر بھٹو کی نویں برسی چترال میں نہایت عقیدت سے منائی گئی۔

چترال(نمائندہ زیل) شہید بے نظیر بھٹو کی نویں برسی چترال کے ایک مقامی ہوٹل میں نہایت عقیدت و احترام سے منائی گئی ۔ اس سلسلے میں ایک تقریب بھی منعقد ہوئی جس کی صدارت رکن صوبائی اسمبلی اور سابقہ صوبائی وزیر سلیم خان نے کی۔ برسی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے شہید بے نظیر بھٹو اور ان کے خاندان کی قربانیوں کو سراہا اور ان کو خراج عقیدت پیش کی۔
تقریب کے دوران ابولیث رامداسی نے رکن صوبائی اسمبلی سردار حسین پر کڑی تنقید کرتے ہوئے ان کے خلاف نعرے لگائے۔
مقررین نے شہید قائد کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اس عزم کااظہارکیا کہ وہ ان کے مشن کو جاری رکھتے ہوئے غریبوں کے کام آئیں گے اور ملک کی ترقی کیلئے کوشش کریں گے۔انہوں نے کہا کہ چترال میں زیادہ تر ترقیاتی منصوبے بھٹو خاندان کے دور حکومت میں پورے ہوئے ہیں۔ ارندو سے تعلق رکھنے والے ایک جیالے نے صوبائی اسمبلی کے رکن سلیم خان سے شکایت کی کہ ان کی طرف سے جاری کردی فنڈ صحیح معنوں میں خرچ نہیں ہوئے انہوں نے اس فنڈ میں تحقیقات کا مطالبہ کیا۔

سلیم خان نے کہا کہ چترال کے لوگ بھٹو خاندان سے بہت محبت رکھتے ہیں جس کا ثبوت یہ ہے کہ اس وقت چترال سے دو اراکین اسمبلی اسی پارٹی کے ٹکٹ پر جیت چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر اگلے انتحابات میں ہماری حکومت آئی تو ہم چترال کے پانی سے استفادہ کرتے ہوئے یہاں چھوٹے پن بجلی گھر بنائیں گے تاکہ بجلی کے بحران پر قابو پایا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ لاوی پن بجلی گھر کو سابقہ حکومت نے منظور کیا تھا مگر موجودہ پی ٹی آئی کی حکومت نے بہت بڑی انصافی کی اور اس منصوبے کو سردخانے میں ڈال دیا ا ۔ انہوں نے کہا کہ چترال کو تاجکستان سے ملانا ہمارے منصوبوں میں شامل ہے اور سی پیک میں بھی ہم کوشش کریں گے کہ چترال کے راستے سے یہ روڈ گزر جائے اور یہاں سیاحت کو فروغ ملے اور لوگوں کو روزگار مل سکے۔ اس موقع پر سابق جنرل سیکرٹری محمد حکیم ایڈوکیٹ اور دوسرے رہنما عالمزیب ایڈوکیٹ، میردولہ جان، شریف حسین ، سید برہان شاہ ، شفقت حسین، شیر جوان اور دوسروں نے خطاب کیا۔

اس موقع پر مسلم لیگ، جماعت اسلامی، جے یو آئی اور پی ٹی آئی سے کئی کارکنان نے پی پی پی میں شمولیت کا اعلان کردیا جن میں نعیم جان، احکام الدین، توکل خان، نادر ولی شاہ، ظفر احمد، نوید احمد، جاوید احمد، فیضان اللہ، امتیاز احمد، اشتیاق احمد ، بہادر خان، عزیز الرحمن اور دوسرے شامل تھے۔تقریب میں کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔

Print Friendly, PDF & Email