برما کے روہنگیائی مسلمانوں پر ظلم کے خلاف چترال میں جلسہ

چترال(نمائندہ زیل) برما کے روہنگیائی مسلمانوں کی ہلاکت کے خلاف جماعت اسلامی چترال کا ایک احتجاجی جلسہ بعد از نمازجمعہ پی آئی اے چوک چترال میں منعقد ہوا۔جس میں کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔احتجاجی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی مولانا جمشید احمد ،مولانا اسرار الدین الہلال ،تحصیل امیر عتیق الرحمٰن اور قیم جماعت اسلامی ظہیر الدین نے کہا کہ برما میں نہتے مسلمانوں کا قتل عام جاری ہے۔خواتین کی عصمتیں لٹی جارہی ہیں جبکہ مردو خواتین اور بچوں کو زندہ جلایا جارہا ہے۔لیکن افسوس کا مقام ہے کہ ترکی اور ملائشیا کی حکومت کے سوا کسی بھی مسلم ملک کو اس کی مذمت کی توفیق نہ
ہوئی ۔انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کو ان نہتے مسلمانوں پر ہونے والے مظالم نظر نہیں آتے اور نہ وہ اس حوالے سے کوئی آواز اُٹھائیں گے۔

کیونکہ ان کا کام صرف غیر مسلم اقلیتوں کومدد فراہم کرنا ہے ۔مظاہرین نے اپنی تقریروں میں کہا کہ مسلمان حکمرانوں میں ایمانی غیرت ختم ہوچکی ہے ۔یہ صرف اپنے اقتدار کو طول دینے اور اپنی تحفظ ہی کے لیے سوچتے ہیں ۔ان کو دوسرے بے سہارا مسلمانوں سے کوئی سرو کار نہیں ہے اور یہی مسلمانوں کے زوال کا اصل سبب ہے۔مقررین نے اس بات پر زور ددیا کہ مسلمان ایسے مظلوموں کی اگر براہ راست مدد نہ بھی کر سکے تاہم ان کی اخلاقی ،انسانی اور مذہبی مدد کرسکتے ہیں۔ انہوں نے حکومت سے پر زور مطالبہ کیا کہ ان مظلوموں کے لیے آواز اٹھائی جائے ۔

Print Friendly, PDF & Email