پنجاب میں بزدار سرکار کو صرف ن لیگ کا سہارا ہے، شازیہ مری

پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی سیکریٹری اطلاعات شازیہ مری نے کہا ہے کہ پنجاب میں بزدار سرکار کو صرف ن لیگ کا سہارا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی سیکریٹری اطلاعات شازیہ مری نے مریم نواز کے پارٹی اجلاس میں خطاب پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ استعفے دینا بہانہ تھا، اصل مقصد لانگ مارچ ملتوی اور عمران خان کو بچانا تھا، یہ کیسا موقف ہے جو لاہور میں مختلف جبکہ لندن میں الگ ہو جاتا ہے؟

شازیہ مری نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کے پانچ سال تک چلنے کا معاہدہ کرکے نواز شریف کو ملک سے باہر بھیجنے والے اپنا قد دیکھ کر بات کریں، پنجاب میں بزدار سرکار کو صرف ن لیگ کا سہارا ہے ورنہ دو دن میں یہ حکومت گرجائے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی سیکریٹری اطلاعات کا کہنا تھا کہ اینٹی اسٹبلشمنٹ بیانیے میں محض اقتدار سے دور کرنے کی ناراضگی ہے ورنہ سب ایک ہی تھالی کے چٹے بٹے ہیں، اسٹبلشمنٹ کی مدد سے پی پی پی کو پنجاب میں کمزور کرنے کی سازش کرنے والی جماعت آج بھی اپنے اس گھناؤنے کردار پر فخر کرتی ہے۔

 شازیہ مری کا یہ بھی کہنا تھا کہ بڑے بڑے دعوے کرنے والے جب ہارتے ہیں تو بوکھلاہٹ کا شکار ہوجاتے ہیں، کراچی سے کشمیر تک پی پی پی کی کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ آج بھی بھٹو زندہ ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی سیکریٹری اطلاعات شازیہ مری کا مزید کہنا تھا کہ بلاول بھٹو کے جنوبی پنجاب کے دورے کے بعد پنجاب بھر کی تحصیلوں میں ورکرز کنونشنز کرنے والی جماعت  کتنی مقبول ہے، وقت آنے پر بتائیں گے۔

واضح رہے اس سے قبل پیپلز پارٹی کی سیکریٹری اطلاعات شازیہ مری نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ آج بھی حکومت قومی اسمبلی کا کورم پورا کرنے میں ناکام رہی، حکومتی ممبران بھی بری طرز حکومت سے بیزار ہیں۔

شازیہ مری نے کہا تھا کہ پی ٹی آئی کے اراکین قومی اسمبلی جھوٹوں کی حکومت کو کندھا دینے کیلئے تیار نہیں، وزیراعظم کے مالی سہولت کاروں کی کرپشن پر حکومتی ممبران بھی پریشان ہیں۔

پیپلز پارٹی کی سیکریٹری اطلاعات شازیہ مری نے مزید کہا تھا کہ پی ٹی آئی ممبران تین سال سے وزیراعظم کی ایک ہی تقریر سن کر بیزار ہوچکے ہیں، مہنگائی اور بیروزگاری سے ستائی ہوئی عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا ہے۔

The post پنجاب میں بزدار سرکار کو صرف ن لیگ کا سہارا ہے، شازیہ مری appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email