ہزاروں نوجوان کشمیری مختلف الزامات کے تحت بھارتی جیلوں میں قید ہیں، ترجمان دفتر خارجہ

ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے کہا ہے کہ ہزاروں نوجوان کشمیری مختلف الزامات کے تحت بھارتی جیلوں میں قید ہیں۔

تفصیلات کے مطابق بھارت کی جانب سے مبینہ پاکستانی ”عسکریت پسند“ کی ہلاکت اور گرفتاری کی خبروں پر ترجمان دفتر خارجہ نے رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان بھارت کی جانب سے مبینہ پاکستانی ”عسکریت پسند“ کی ہلاکت اور دوسرے کو گرفتار کرنے کی خبروں کو مسترد کرتا ہے، بھارتی الزامات پاکستان کی ساکھ کو خراب کرنے اور مقبوضہ کشمیر میں اپنی سرگرمیوں سے دنیا کی توجہ ہٹانے کے لیے بھارتی پروپگنڈا مہم کا حصہ ہیں۔

عاصم افتخار کا کہنا تھا کہ ہم نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے بارے میں ڈوزیئر کے ذریعے دنیا کے ساتھ ناقابل تردید شواہد شیئر کیے ہیں، ہزاروں نوجوان کشمیری مختلف الزامات کے تحت بھارتی جیلوں میں قید ہیں، بھارت ان نوجوانوں میں سے کچھ کو دنیا کے سامنے مبینہ ‘عسکریت پسند’ کر پیش کرتا رہتا ہے، جب بھی بھارت عالمی برادری کا دباؤ محسوس کرتا ہے تو پاکستان کے خلاف جھوٹی پروپگنڈا مہم شروع کر دیتا ہے۔

 ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں اپنے مظالم اور پاکستان کے خلاف دہشت گردانہ سرگرمیوں کو چھپانے کے لیے جھوٹے فلیگ آپریشن، جعلی مقابلوں اور جعلی اسلحے کی بازیابی کی کارروائیوں شروع کر دیتا ہے، بھارت مقبوضہ کشمیر میں اپنے مظالم اور پاکستان کے خلاف دہشت گردانہ سرگرمیوں کو چھپانے کے لیے بھارتی قابض افواج کی شمولیت کوئی نئی بات نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کے ان مذموم ہھتکنڈوں کو ٹھوس شواہد کے ساتھ ڈوزیئر میں تفصیل کے ساتھ بے نقاب کیا گیا ہے۔

 ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار کا کہنا تھا کہ پاکستان نے کنٹرول لائن پر ماحول کو خراب کرنے کی حالیہ بھارتی کوششوں پر بھی شدید تشویش میں مبتلا ہے، ایل او سی پر جنگ بندی کے حوالے سے فروری 2021 کی ڈی جی ایم او کی ملاقات کے مطابق پاکستان بھارتی اشتعال انگیزی کے باوجود تحمل کا مطاہرہ کر رہا ہے۔

The post ہزاروں نوجوان کشمیری مختلف الزامات کے تحت بھارتی جیلوں میں قید ہیں، ترجمان دفتر خارجہ appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email