برطانوی عدالت نے شہبازشریف پر منی لانڈرنگ کے گھٹیا اور سیاسی انتقام پر مبنی بے بنیاد الزامات غلط قرار دے دیے ہیں، مریم اورنگزیب

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ الحمداللہ، برطانوی عدالت نے اپنے فیصلے میں دوٹوک اور واضح طور پر شہبازشریف اور ان کے خاندان کو عمران خان کی طرف سے عائد کردہ کرپشن اور منی لانڈرنگ کے گھٹیا اور سیاسی انتقام پر مبنی بے بنیاد الزامات سے بری کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی (این سی اے) نے 21 ماہ کی عالمی تحقیقات کیں جو 20 سال کی طویل ترین مدت تک جاری رہیں جس میں دیگر ممالک میں تحقیقات کے دائرہ کار سے متعلق غیرمعمولی مسائل کو حل کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی تاریخ میں کبھی کسی عوامی عہدہ رکھنے والے شخص کی اتنی سخت کثیرالملکی تحقیقات اور چھان بین نہیں ہوئی۔ عمران خان بہروپیے اور نوسر باز کے طور پر ساری دنیا کے سامنے بے نقاب ہو گیا ہے جو دیانتدار عوام کی خدمت کرنے والے راہنماؤں کی کردار کشی کرتا رہا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ کرپشن کے جھوٹے بیانیے کو محض ایک بہانے کے طور پر استعمال کیا گیا جس کی حقیقت سامنے آ گئی ہے جبکہ عمران خان نااہلی، جھوٹ وفریب اور داغدا عناصر کے سرکس کے رنگ ماسٹر کے طور پر بے نقاب ہوا جو غریب اور بے گناہ عوام کی بددعاﺅں اور غیض وغضب کا نشانہ بن چکا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہزار جھوٹ چھپانے کے لیے اب عمران صاحب مزید سو جھوٹ بولے جا رہے ہیں۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ 10 دسمبر 2019 کو ڈی جی نیب لاہور نے نیشنل کرائم ایجنسی کے حکام سے لندن میں ملاقات کی، شہزاد اکبر کی سربراہی میں قائم وزیراعظم آفس کے ایسٹ ریکوری یونٹ کے بیرسٹر ضیاء نسیم کی طرف سے 11 دسمبر 2019 کو ایک درخواست دائر کی گئی جس کے بعد شہباز شریف اور ان کے خاندان کے اثاثہ جات کی تحقیقات شروع ہوئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بعد ازاں ایسٹ ریکوری یونٹ کے حکام کی طرف سے نیشنل کرائم ایجنسی کو اس معاملےمیں معاونت دینے کے لیے ایک ای میل بھیجی گئی۔ حکومت پاکستان نے 2020 میں این سی اے کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ ان ناقابل تردید حقائق کی برطانوی عدالت میں پیش کردہ شواہد تصدیق کرتے ہیں کہ عمران مافیا حکومت اپنے ہی بولے جانے والے جھوٹ کے وزن کے نیچے آ کر کچلی جائے گی۔

The post برطانوی عدالت نے شہبازشریف پر منی لانڈرنگ کے گھٹیا اور سیاسی انتقام پر مبنی بے بنیاد الزامات غلط قرار دے دیے ہیں، مریم اورنگزیب appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email